سیمنٹ کی مقامی فروخت میں اضافہ برآمدات میں مسلسل کمی

جنوری 2013 میں مقامی ترسیلات 10.10 فیصد اضافے کے ساتھ 2.135 ملین ٹن ہوگئیں۔

توانائی کے شدید بحران کے باعث نصف کارخانے بھرپور پیداوار نہ دے سکے، اے پی سی ایم اے فوٹو فائل

رواں مالی سال جنوری میں مقامی کھپت میں اضافہ جبکہ برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔

7 ماہ میں مقامی کھپت میں آنے والی قدرے بحالی سے انڈسٹری کو سہارا ملا ہے جو گزشتہ برس سے مسلسل برآمدات میں کمی کا شکار ہے۔ یہ بات آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(اے پی سی ایم اے) کے جاری بیان میں کہی گئی۔ رواں مالی سال جنوری 2013 میں مقامی ترسیلات 10.10 فیصد اضافے کے ساتھ 2.135 ملین ٹن ہوگئیں۔ مقامی مارکیٹ کیلیے شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی فروخت 1.706ملین ٹن رہی جبکہ جنوبی علاقے میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی فروخت 0.429 ملین ٹن رہی۔


اس ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 11.91 فیصد کم ہوکر مجموعی طور پر 522,584 ٹن رہیں۔ شمالی علاقے میں قائم سیمنٹ کے کارخانوں کی برآمدات 330,016 ٹن رہی جبکہ جنوبی علاقے میں قائم سیمنٹ کی برآمدات 192,568 ٹن رہی۔رواں مالی سال کے سات ماہ میں کل سیمنٹ کی ترسیلات 18.607 ملین ٹن رہیں۔ مقامی مارکیٹ کیلیے سیمنٹ کی فروخت 13.862 ملین ٹن رہی اور برآمدات 4.746 ملین ٹن رہیں۔ مقامی مارکیٹ کیلئے سیمنٹ کی فروخت میں 7.98 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 6.05 فیصد کمی واقع ہوئی۔

برآمدات میں کمی کے بعد سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 4.02 فیصد اضافہ ہوا۔اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ماہ سے پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے شمالی علاقے میں قائم نصف سیمنٹ کے کارخانے بھرپور پیداوار حاصل نہ کرسکے۔سیمنٹ انڈسٹری کے حوالے سے ماہرین نے کہا کہ سیمنٹ سیکٹر اپنی پیداواری صلاحیت مکمل استعمال نہیں کرپارہا ہے جس کی وجہ سے انڈسٹری کو قرضوں کی ادائیگی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اس صورت حال کا حل یا تو معیشت کی بھرپور بحالی ہے یا پھر سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور بھارت دو ایسے ملک ہیں جہاں حکومت کے تعاون سے سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیمنٹ کی بھارت میں پہلے ہی مانگ برقرار ہے اس راہ میں حائل بھارت کی بندشیں اور بیوروکریسی مشکلات ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بھارتی تجارتی حکام کے ساتھ دو ٹوک بات چیت کرکے ان مشکلات کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیمنٹ سے ہی بھارت کو پاکستان کی برآمدات تین گنا ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story