آرمی چیف کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا

دیرپا قیام امن کے لیے ریاستی رٹ کا احترام ضروری ہے کیوں کہ امن کا قیام ریاست کی رٹ سے ہی ممکن ہے،سربراہ پاک فوج


ویب ڈیسک July 04, 2017
آرمی چیف نے سندھ پولیس کی حالیہ بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں- فوٹو: آئی ایس پی آر

PESHAWAR: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت سندھ ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ، آئی جی ، ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت دیگر سول وعسکری حکام شریک ہوئے۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید اور سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کے شرکا کو کراچی کی امن وامان سمیت مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی جب کہ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی آپریشن کا جائرہ لیا گیا اور جیلوں کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کراچی سینٹرل جیل سے قیدیوں کے فرار کے معاملات بھی زیر غور آئے جب کہ ایپکس کمیٹی نے کراچی میں معاشی سرگرمیوں کے لیے دیرپا امن کی ضرورت پرزور دیا۔



آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایجنسیوں کی کارکردگی منظم بنانے پرکراچی کور، سندھ رینجرز کی تعریف کی اور سندھ پولیس کی حالیہ بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔ آرمی چیف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہم آہنگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے جلد انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔



پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قابل ذکر کامیابیوں کے باوجود ابھی طویل راستہ طے کرنا ہے جب کہ پاک فوج تمام ریاستی اداروں کے لیے حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا قیام امن کے لیے ریاستی رٹ کا احترام ضروری ہے کیوں کہ امن کا قیام ریاست کی رٹ سے ہی ممکن ہے۔



اس سے قبل آرمی چیف نے پنوں عاقل چھاؤنی کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو فوج کی آپریشنل تیاریوں اور داخلی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں اور افسران کے ساتھ گفتگو میں داخلی سلامتی کے لیے فوج کی تیاریوں اور کردار پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے حال ہی میں ہونے والی چھٹی مردم شماری اور دیگر داخلی سیکیورٹی کے معاملات پر فوج کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ پاکستان اور اس کے عوام کی خوشحالی کے لیے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ''ہمارے لیے پاکستان سب سے پہلے اور اپنی ذات بعد میں ہے ''۔



جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کافی طویل سفر طے کرکے کامیابی کے راہ تک پہنچا ہے اور اب ہم تمام منفی عناصر کا قلع قمع کرکے اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم کریں گے تاکہ ریاست مضبوط ہوسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں