شارع فیصل پر3علما کا قتل سی سی فوٹیج ہونے کے باوجود ملزمان کے خاکے جاری نہ ہو سکے

تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ، واردات میں استعمال اسلحہ بھی25 ہائی پرو فائل کیسز سے میچ نہیں ہو سکا۔


Staff Reporter February 05, 2013
تصاویر واضح نہیں ہو رہی،جائے وقوع سے ملنے والے خالی خولوں کا مزید معائنہ کیا جا رہا ہے ،تحقیقاتی کمیٹی کے رکن کی گفتگو فوٹو: فائل

شارع فیصل پر5روز قبل فائرنگ کرکے قتل کیے گئے3علما کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود پولیس ملزمان خاکے جاری کرنے میں ناکام ہوگئی۔

واردات میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ بھی25 ہائی پرو فائل کیسز سے میچ نہیں ہو سکا، تفصیلات کے مطابق جمعرات31جنوری کو شہر کی سب سے مصروف اور اہم شارع فیصل پر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے جامعہ بنوریہ ٹائون کے3علمائے کرام کے قتل کی تحقیقات میں5روز گزر جانے کے باوجود کسی قسم کی کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، علمائے کرام کے قتل کی سی سی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود پولیس ملزمان کے خاکے جاری کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

تحقیقات کر نے والی کمیٹی کے ایک رکن نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جن کیمروں نے قتل کی واردات محفوظ کی وہ کیمرے اتنے طاقت ور نہیں اور جب ان کیمروں کو زوم کیا جاتا ہے تو تصویر واضح نہیں ہوتی، انھوں نے بتایا کہ شہری حکومت کا آخری کیمرہ شارع فیصل پر کار ساز پر پل کے قریب لگا ہوا ہے اور شارع فیصل پر سندھ پولیس کا کیمرہ مسجد رومی کے قریب لگا ہوا ہے .جو واردات سے1500سے2000 میٹر کے فاصلے پر ہے، انھوں نے بتایا مسجد رومی کے قریب لگے ہوئے سندھ پولیس کے کیمرے سے یہ ضرور واضح ہوا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر شارع فیصل سڑک کی درمیانی ٹریفک لائن پر تیزی سے اندرون شہر کی جانب جا رہے ہیں اور موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ہوا ایک ملزم اپنا اسلحہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگ میں رکھ رہا ہے.

انھوں نے بتایا کہ ایف ٹی سی بلڈنگ کے بعد ملزمان کا کچھ نہیں پتہ چل سکاکہ ملزمان کہاں گئے ہیں کیوں کی ایف ٹی سی بلڈنگ کے بعد لگے کیمرے خراب ہیں اور ان کیمروں سے کوئی فوٹیج حاصل نہیں کی جا سکی، انھوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے9ایم ایم پستول کے خول فارنسک لیبارٹری پہلے روز بھجوا دیے گیے تھے اور ان خالی خولوں کو ابتدائی طور پر25ہائی پرو فائل کیسز سے میچ کیا گیا تاہم کوئی نتیجے سامنے نہیں آسکا، انھوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے خالی خولوں کا مزید معائنہ کیا جا رہا ہے اور حتمی معائنے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا، انھوں نے بتایا کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ واردات میں استعمال کیے جانے والا اسلحہ ملزمان نے واردات میں پہلی مرتبہ استعمال کیا ہو، واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو شارع پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہائی روف پر فائرنگ کر کے بنوری ٹائون کے3علما مفتی عبدالمجید دین پوری، مفتی محمد صالح اور حسان علی شاہ کو قتل کر دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں