ویمنز ورلڈ کپ پاکستانی ٹیم آج بقا کی جنگ لڑے گی

جنوبی افریقہ سے مقابلہ، فاتح ٹیم کی سپر سکس میں رسائی، آسٹریلیاوکیویز بھی مقابل


Sports Desk February 05, 2013
جنوبی افریقہ سے مقابلہ، فاتح ٹیم کی سپر سکس میں رسائی، آسٹریلیاوکیویز بھی مقابل فوٹو : اے ایف پی / فائل

گروپ بی کی دونوں شکست خوردہ ٹیمیں پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں منگل کو بقاکی جنگ لڑیں گی۔

فتح حاصل کرنے والی سائیڈ سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالے گی، شکست وطن واپسی کا پروانہ ثابت ہوگی، اسی پول کے دونوں ٹاپ اسکواڈز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا بھی سامنا ہوگا۔ گروپ اے میں ایک، ایک میچ جیتنے والے انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بھارت اور سری لنکا کو ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے میدان سے سرخرو ہو کر واپس آنے کی فکر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق گروپ بی میں شامل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دو، دو میچ جیت کر سپر سکس تک رسائی حاصل کرچکی ہیں، باہمی ٹکرائو پول کی ٹاپ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔

دوسری طرف پاکستان اور جنوبی افریقہ کی سائیڈز تاحال پہلی فتح کو ترس رہی ہیں،منگل کے میچ میں کامیاب ٹیم ہی اگلے مرحلے کیلیے کوالیفائی کرنے والی تیسری سائیڈ بننے میں کامیاب ہوگی، گرین شرٹس کیلیے ٹاپ آرڈر کی ناکامی درد سر بنی ہوئی ہے، ابھی تک بسمہ معروف کے سوا کوئی اور بیٹسویمن مزاحمت کرتی نظر نہیں آئی جبکہ پروٹیز نے ناکامیوں کی باوجود نسبتاً بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔گروپ اے میں پوزیشن زیادہ پیچیدہ ہے، دفاعی چیمپئن انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بھارت اور سری لنکا ایک ایک میچ میں جیت کے ساتھ برابری کے امیدوار ہیں۔

منگل کو انگلینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کا سری لنکا سے ہوگا، فاتح ٹیمیں براہ راست سپر سکس مرحلے میں پہنچ جائیں گی، تیسری ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، کسی میچ میں غیر معمولی مجموعہ تشکیل نہ دیا جائے تو کیریبیئن ٹیم ہارنے کی صورت میں بھی پیش قدمی جاری رکھنے میں کامیاب ہوسکتی ہے، سری لنکا کو 209 کے بھاری مارجن سے زیر کرنے والی ٹیم کے مقابل کسی اور سائیڈ کے سرفہرست آنے کا امکان کم ہی نظر آتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں