کراچی بندرگاہ پر کارگو وکنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم

گزشتہ مالی سال کے دوران کارگوہینڈلنگ 5 فیصد بڑھ کر 52.49 ملین ٹن ہوگئی

خشک کارگو ہینڈلنگ7.46فیصدبڑھ گئی،جہازوں کی آمد میں بھی اضافہ ہوا فوٹو: فائل

کراچی بندرگاہ پر کارگو اور کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے،مجموعی طور پر بندرگاہ درآمدات و برآمدات کی مد میں 52.49 ملین ٹن کارگو کی ہینڈلنگ کی گئی۔

کراچی بندرگاہ پر کارگو اور کنٹینر ہینڈلنگ سبک رفتار رہی جس کے باعث بندرگاہ پر مالی سال 2016-17 کے اختتام پر مجموعی طور پر درآمدات و برآمدات کی مد میں 52.49 ملین ٹن کارگو کی ہینڈلنگ ہوئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر یہ 50.05 ملین ٹن رہی تھی اور اس طرح 4.89 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو اب تک کا بڑا ریکارڈ ہے،اسی طرح کنٹینر ہینڈلنگ بھی مجموعی طور پر 2.11ملین کنٹینر رہی ہے جو گزشتہ مالی سال 1.96 ملین کنٹینر تھی، کراچی بندرگا پر خشک کارگو مجموعی طور پر درآمدات و برآمدات کی مد میں 37.17 ملین ٹن ہینڈلنگ رہی جبکہ گزشتہ سال یہ فقط 34.59 ملین ٹن رہی تھی اور اس طرح سے 7.46 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔


اسی طرح سے لیکویڈ بلک کارگو ہینڈلنگ بھی مالی سال 2016-17 کے اختتام پر 15.32 ملین ٹن رہی ہے، اسی طرح برآمدی کارگو ہینڈلنگ کی مد میں خشک و لیکویڈ کارگو کی ہینڈلنگ بالترتیب 8.54 ملین ٹن اور 1.32 ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال 8.40 ملین ٹن اور 1.38 ملین ٹن رہی تھی، اسی طرح سے درامدآت کی مد میں بھی خشک و لیکویڈ کارگو کی ہینڈلنگ بالترتیب 28.63 ملین ٹن اور 14.00 ملین ٹن رہی ہے جو گزشتہ سال 26.19 ملین ٹن اور14.07 ملین ٹن رہی تھی،کراچی بندرگاہ پر مالی سال 2016-17 کے دوران 9.32 فیصود زائد کارگو برآمدات کی مد میں ہینڈل کیا گیا ہے اور اس میں اولین کردار خشک بلک کارگو کی ہینڈلنگ کا رہا ہے جس میں گزشتہ سال کی نسبت 23.85 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

بندرگاہ کراچی سے درآمدات کی مد میں یوریا بھی ہینڈل کیا گیا ہے، علاوہ ازیں دیگر برآمدی اشیا جن میں فرٹیلائزر اور بیج شامل ہیں کے ساتھ جہازوں کی آمد میں بھی اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2016-17 کے اختتام پر مجموعی طور پر 758 کنٹینر، 244 بلک کارگو، 379 جنرل کارگو اور 541 آئل ٹینکر جہازوں کی آمد و روانگی کو ہینڈل کیا گیا ہے جو گزشتہ سال بالترتیب 738 کنٹینر، 222 بلک کارگو، 374 جنرل کارگو اور 559 آئل ٹینکر جہازوں کی آمد و روانگی کی ہینڈلنگ رہی تھی، کراچی بندرگاہ کی گہرے پانی والی گودیوں کی بندرگاہ پر بھی کنٹینر ہینڈلنگ شروع ہو گئی ہے جس سے کراچی بندرگاہ کا مستقبل بھی کنٹینر ہینڈلنگ کی مناسبت سے تابناک ہو گیا ہے۔
Load Next Story