مجرموں کیخلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے وزیراعلیٰ سندھ

سیاسی ، مذہبی کارکنوں کو تحفظ دینا ہماری ذمے داری ہے، سنی تحریک کے وفد سے بات چیت


Staff Reporter February 05, 2013
کسی بھی دہشت گرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی،کئی ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر، دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔

کارکنان کسی بھی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ہیں وہ اس صوبے اور ملک کے عوام ہیں اور انھیں تحفظ دینا ہماری ذمے داری ہے ۔ کراچی میں جاری دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف امن و امان کی بحالی کے ادارے بھرپور کارروائی کر رہے ہیں اور کئی ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔یہ بات انھوں نے پیر کی شب وزیراعلیٰ ہائوس میں پاکستان سنی تحریک کے رہنما شکیل قادری کی سربراہی میں آنے والے 5رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔

پی ایس ٹی کے رہنما شکیل قادری نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کو سنی تحریک کے کارکنان کی جاری ٹارگٹ کلنگ اور ان میں ملوث کسی بھی ملزم کی تاحال عدم گرفتاری پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور انھیں آگاہ کیا کہ اس حوالے سے سنی تحریک منگل سے 12 روزہ علامتی احتجاج کا سلسلہ شروع کر رہی ہے ۔ انھوں نے مزار عبداللہ شاہ غازی سے متصل مسجد میں مزارات کو نہ ماننے والے پیش امام کی تقرری پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ایک یادداشت بھی پیش کی ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے بھی کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسی طرح دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنان بھی شہید کیے جا رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کر رہی ہے اور کسی بھی دہشت گرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔ انھوں نے مزار عبداللہ شاہ غازی سے متصل مسجد پر سنی تحریک کے تحفظات کو جلد ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔