لاہور سبزی منڈی میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکے 20 افراد زخمی

پہلا دھماکا رات 10بجے ریڑھی کے نیچے،دوسرا پارکنگ میں ہوا، دہشت گرد کی ہلاکت کا ردعمل ہو سکتے ہیں،آئی جی

لاہور: بادامی باغ کے قریب واقع فروٹ منڈی میںہونے والے بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکارجائے وقوع سے شواہد جمع کررہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

لاہورمیںراوی روڈ کے علاقے سبزی منڈی میں یکے بعد دیگرے 2بم دھماکوں سے 20افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پہلا دھماکا رات 10بجے کے قریب ایک ریڑھی کے نیچے جبکہ دوسرا پارکنگ میں ہوا۔ زخمیوں کو میواسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 4زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد میں سبزی منڈی میں فروٹ اور سبزی اٹھانے کا کام کرنے والے مزدور شامل ہیں۔ آئی جی حبیب الرحمان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔


ڈی آئی جی رائے طاہر نے بریفنگ دی۔ آئی جی نے میڈیا کو بتایاکہ دھماکے ملتان میں پولیس کے ہاتھوں خطرناک دہشت گرد کی ہلاکت کا ردعمل ہوسکتے ہیں۔ جائے وقوعہ سے ایک ریموٹ کنٹرول ڈیوائس ملی ہے تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ بعدازاں آئی جی پنجاب نے میواسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس کا مورال کم نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پارٹی ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کی عیادت کے ساتھ ساتھ خون کے عطیات دینے میں کسی قسم کی کمی نہ لائیں۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story