پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ منایا گیا

وزیر اعظم دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ اور حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو عشائیہ بھی دینگے

مذہبی و سیاسی جماعتوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہروں اور مختلف پروگراموں کا اعلان کیا ہے. فوٹو فائل

ISLAMABAD:



پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا گیا، اس موقع پر سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے کشمیریوں کی اخلاقی مدد کے عزم کا اعادہ کیا ۔



یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سب سے اہم تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ حق خود ارادیت ملنے تک کشمیریوں کی اضخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔


لائن آف کنٹرول پر سکول کے طلبہ نے ہاتھوں سے زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی کے ارکان نے اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف یادداشت پیش کی۔


مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل اور حق خود ارادیت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا اور ریلیاں نکالیں جس میں مقررین نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر ہی خطے میں عدم استحکام کی سب سے بڑی وجہ ہے، بھارت کو چاہئے کہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی ختم کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دے جس کا بھارت نے خود اقوام متحدہ کے اجلاس میں اظہار کیا تھا۔


واضح رہے کہ پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر 1990ء سے منایا جا رہا ہے۔اس کا مقصد کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔


۔

Recommended Stories

Load Next Story