چین نے جی 20 میں صدرشی جن پنگ اور مودی کی ملاقات کا امکان مسترد کردیا

یہ وقت اور ماحول شی جن پنگ اور مودی کے درمیان ملاقات کے لیے ٹھیک نہیں، حکام چینی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک July 06, 2017
دونوں ممالک ایک دوسرے پر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

چین نے جی 20 ممالک کے اجلاس میں صدر شی جن پنگ اور مودی کی ملاقات کا امکان مسترد کردیا۔

بھوٹان کے قریب بھارت اور چین کے درمیان متنازع سرحدی علاقے سکم میں بھارتی فوجی کی دراندازی کے باعث دونوں ممالک میں شدید سرحدی کشیدگی برقرار ہے، کشیدگی کی اس فضا میں جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں جی 20 ممالک کا اجلاس جمعے سے شروع ہورہا ہے جس میں چینی صدر شی جن پنگ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت 62 کی جنگ سے سبق حاصل کرتے ہوئے کسی محاذ آرائی سے باز رہے، چین

اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں ملاقات کے امکان کی قیاس آرئیاں کی جارہی ہیں تاکہ تنازع کو حل کیا جاسکے تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے حکام نے اس ملاقات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت اور ماحول شی جن پنگ اور مودی کے درمیان ملاقات کے لیے ٹھیک نہیں۔

یہ بھی پڑھیے: چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع شدت اختیار کر گیا

واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سکم کے علاقے ڈوکالام میں چینی سڑک کی تعمیر پر شروع ہونے والی کشیدگی 19 روز سے برقرار ہے بھارت ڈوکالام کو اپنا علاقے قرار دیتا ہے جب کہ چین کا اسے اپنا علاقہ قراردیتے ہوئے کہنا ہے کہ دراصل اس کا اصل نام ڈوکالام نہیں بلکہ ڈونگلانگ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں