پاکستان کی ڈوریں سریا بیچنے والے بیوقوفوں کے ہاتھ میں ہیں آصف زرداری

نواز شریف نے شیر کا نشان لیا ہوا ہے تو شیر بنیں ، آصف زرداری

میاں صاحب شیر بنیں اور اگر آپ کے ساتھ سازش ہورہی ہے تو براداشت کریں، آصف زرداری۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداری کاکہنا ہے کہ پاکستان کی ڈوریں ان بیوقوفوں کے ہاتھ میں ہے جو سریا بیچنا جانتے ہیں لیکن حکومتیں چلانا نہیں جانتے۔

کھپرو میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف زرداری کاکہنا تھا کہ بھٹوازم جذبے اور سوچ کا نام ہے، ہم اس دھرتی کے لوگ ہیں، ہمیں یہاں کے مسئلے پتا ہیں جب کہ پاکستان کی ڈوریں سریا بیچنا والے بیوقوفوں کے ہاتھ میں ہیں جو نہ سریا بیچنا جانتے ہیں اور نہ ہی حکومتیں چلانا جانتے ہیں، یہ نہ سی پیک سمجھتے ہیں اور نہ چین کے ساتھ اتحاد سمجھتے ہیں، دنیا صرف آگے جارہی ہے اور یہ پیچھے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سے ان کو تکلیف ہے جب کہ کرکٹ میں اور پاکستان چلانے میں بہت بڑا فرق ہے تاہم جب وقت آئے گا ہم انہیں دکھائیں گے اور بتائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں، آصف زرداری

آصف زرداری نے کہا کہ نیب والے ہمیں روز تنگ کرنے کے لیے آتے ہیں لیکن جو ضیاء الحق کے مارشل لاء سے نہیں ڈرے وہ نیب سے کیا ڈریں گے، میاں صاحب شیر بنیں اور اگر آپ کے ساتھ سازش ہورہی ہے تو براداشت کریں، ہم نے پہلے آپ کا ساتھ دیا تھا لیکن آپ نے ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا اور ہمارے لوگوں کو تنگ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹوازم کو 40 سال ہوگئے لیکن آج تک کوئی ایسی طاقت نہیں بنی جو اتنے سالوں تک قائم رہی ہو جب کہ کتنی مسلم لیگ بنیں اور ٹوٹ گئی، ان کو ملک چلانا نا آتا ہے اور نا آسکتا ہے، ان کی ساری فلاسفی پیپلزپارٹی کی ہے تاہم ہماری دعا ہے کہ یہ اسمبلی 5 سال پورے کرے۔


شریک چیر مین پی پی پی نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے ایک ظالم ڈکٹیٹر کا مقابلہ کیا اور ان کے بعد ہم نے بھی مقابلہ کیا، 8 سال جیل میں رہا لیکن مشرف صاحب خود ایک دن جیل جانے کے لیے تیار نہیں، جیل کی بات کی جائے تو ان کی پسلی خراب ہوجاتی ہے، دبئی میں صحیح رہتے ہیں لیکن پاکستان میں بیمار ہیں اور خود کو کمانڈو کہتے ہیں، ہم تو سیدھے سادھے سیاستدان ہیں، اپنے آپ کو کمانڈو نہیں کہتے لیکن جذبہ کمانڈو سے زیادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پھولوں میں پلی ہوئی محترمہ بینظر بھٹو 24 سال کی عمر میں جیل جاتی ہیں اور ان کا مقابلہ کرتی ہیں جب کہ سارے انکل ساتھ چھوڑ جاتے ہیں، اب بھی گندے انڈے ساتھ چھوڑ رہے ہیں لیکن ان کی فکر نہ کرو۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : اس بار الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے

آصف زرداری نے کہا کہ دیکھا جائے گا کہ کیا ہوتا ہے جے آئی ٹی اور ان کے کیسوں کا، اگر کوئی مسئلہ آتا ہے تو وزیراعظم بدل دیں آپ کے پاس اکثریت ہے، آپ کیسز کا سامنا کرتے رہیں اس میں کوئی بڑی بات نہیں لیکن انہوں نے کیس کا سامنا بھی نہیں کرنا نہ وزارت عظمیٰ چھوڑنی ہے، تو پھر یہ سیاست کیوں کررہے ہیں انہیں چاہیے کہ سیاست میں بھی نہ آتے۔

Load Next Story