قائم علی شاہ5 سالہ مدت پوری کرنیوالے سندھ کے پہلے وزیر اعلیٰ

ماضی میں مضبوط حکومتوں کے باوجود کوئی بھی وزیر اعلیٰ اپنی مدت پوری نہیں کرسکا.

پہلے صرف 3 وزرا اعلیٰ 3 سال سے زیادہ عرصے تک اپنے عہدے پر فائز رہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک سندھ کے پہلے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں جو نا صرف اپنی حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے بلکہ وہ سب سے زیادہ مدت تک وزیر اعلیٰ رہنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

قیام پاکستان سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد سندھ سیاسی طور پر انتہائی حساس صوبہ رہا ہے۔ مرکز میں مضبوط حکومتوں کے باوجود بھی سندھ میں سیاسی عدم استحکام رہا ہے اور کوئی بھی وزیر اعلیٰ اپنی مدت پوری نہیں کرسکا ہے۔ سید قائم علی شاہ سے پہلے طویل مدت تک صرف 3 وزراء اعلیٰ 3 سال سے زیادہ عرصے تک اپنے عہدے پر فائز رہے لیکن کوئی وزیر اعلیٰ چار سال سے زیادہ کی مدت عبور نہیں کرسکا۔ قبل ازیں ڈاکٹر غلام ارباب رحیم 8 جون 2004 سے 19 نومبر 2007 تک وزیر اعلیٰ سندھ رہے۔اس طرح ان کی وزرات اعلیٰ مدت 3 سال 5 ماہ 11 دن ہے۔ غلام مصطفیٰ جتوئی 22 دسمبر 1973 سے 5 جولائی 1977 تک یعنی 3 سال 7 ماہ 14 دن وزیر اعلیٰ سندھ کے منصب پر فائز رہے۔


مسلم لیگ (ن) کے سید غوث علی شاہ 6 اپریل 1985 تا 6 اپریل 1988 (3 سال 1 دن )وزارت اعلیٰ کے منصب پر رہے باقی وزراء اعلیٰ کی مدت انتہائی کم ہے۔ قیام پاکستان کے بعد سندھ کے پہلے وزیر اعلیٰ خان بہادر محمد ایوب کھوڑو 15 اگست1947 تا 26 اپریل 1948 ( 8 ماہ 11 دن)، پیر الہیٰ بخش 3 مئی 1948 تا 4 فروری 1949 (9 ماہ 1 دن)، یوسف ہارون 18 فروری 1949 تا 7 مئی 1950 (1 سال 2 ماہ 19 دن)، قاضی فضل اللہ 8 مئی 1950 تا 24 مئی 1951 (1 سال 16 دن)، خان بہادر محمد ایوب کھوڑو دوسری مرتبہ 23 مارچ 1951 تا29 دسمبر 1951 (9 ماہ 6 دن)، پیرزادہ عبدالستار 22 مئی 1953 تا 8 نومبر 1954 (1 سال 5 ماہ 17 دن)، محمد ایوب کھوڑو تیسری مرتبہ 18 نومبر 1954 تا 13 دسمبر 1955 (1 سال 1 ماہ 5 دن) تک وزیر اعلیٰ سندھ رہے اس کے بعد ملک میں مارشل لاء نافذ ہوگیا۔

پھر سکوت ڈھاکہ کے بعد سندھ جو پہلی منتخب اسمبلی قائم ہوئی اس کے پہلے قائد ایوان ممتاز علی بھٹو منتخب ہوئے جو یکم مئی 1972 تا 20 دسمبر 1973 (1 سال 7 ماہ 19 دن) تک وزیر اعلیٰ سندھ رہے۔ غلام مصطفیٰ جتوئی 22 دسمبر 1973 تا 5 جولائی 1977 (3 سال 7 ماہ 14 دن) وزرات اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے۔ ملک میں ایک بار پھر مارشل لاء لگ گیا۔ 1985 میں اسمبلی پھر بحال ہوئی تو سید غوث علی شاہ 6 اپریل 1985 تا 6 اپریل 1988 (3 سال 1 دن ) اور اخترعلی جی قاضی 10 اپریل 1988 تا 29 مئی 1988 (1 ماہ 19 دن) وزارت اعلیٰ کے منصب پر رہے بعد ازاں اختر علی جی قاضی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بنا دئیے گئے وہ 13 اگست 1988 تا 2 دسمبر 1988 (3 ماہ 20 دن) اس منصب پر فائز رہے۔ ان کے بعد سید قائم علی شاہ پہلی مرتبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ بنے وہ 2 دسمبر 1988 تا 24 فروری 1990 (1 سال 2 ماہ 22 دن) اس عہدے پر فائز رہے۔

آفتاب شعبان میرانی 24 فروری 1990 تا 6 اگست 1990 (5 ماہ 13 دن)، جام صادق علی 6 اگست 1990 تا 5 مارچ 1992 (1 سال 7 ماہ)، سید مظفر حسین شاہ 6 مارچ 1992 تا 9 جولائی 1993 (1 سال 4 ماہ 3 دن)، نگراں وزیر اعلیٰ سید علی مدد شاہ 19 جولائی 1993 تا 19 اکتوبر 1993 (3ماہ)، سید عبداللہ شاہ 20 اکتوبر 1993 تا 6 نومبر 1996(3 سال 1 ماہ 17 دن)، نگراں وزیر اعلیٰ ممتاز علی بھٹو 7 نومبر 1996 تا 22 فروری 1997 (3 ماہ 15 دن)، لیاقت علی جتوئی 22 فروری 1997 تا 30 اکتوبر 1998(1 سال 8 ماہ 8 دن)، علی محمد مہر 8 جون 2002 تا 6 جون 2004 (تقریباً 2 سال)، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم 8 جون 2004 تا 19 نومبر 2007 ( 3 سال 5 ماہ 11 دن( اور نگراں وزیر اعلیٰ عبدالقادر ہالہپوتہ 20 نومبر 2007 تا 6 اپریل 2008(4 ماہ 17 دن) تک وزیر اعلیٰ سندھ کے منصب پر رہے۔جس کے بعد موجودہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 4 اپریل 2008 سے اب تک وزرات اعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں۔ منگل کو اس منصب پر ان کے 4 سال 10 ماہ مکمل ہوجائیں گے۔
Load Next Story