برہان وانی کی برسی مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس تاحکم ثانی بند

برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی کو ایک بار پھر پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا


ویب ڈیسک July 06, 2017
برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی ایک بار پھر پولیس چھاونی میں تبدیل- فوٹو: فائل

KARACHI: مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے نواجوان کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی حکومت نے وادی کو ایک بار پھر پولیس چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے جب کہ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی تاحکم ثانی بند کر دی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کر دی گئی ہے جو اگلے حکم نامے تک بند رہے گی۔

اس سلسلے میں پولیس نے متعلقہ اداروں کو ایک حکم نامہ بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق وادی میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا غلط استعمال کیا جاسکتا ہے لہذا سوشل میڈیا کی تمام ویب سائٹس کو بند کردیا جائے۔

دوسری جانب حزب المجاہدین کے کمانڈر شہید برہان وانی کی برسی قریب آتے ہی مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات پھر کشیدہ ہیں، مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری وادی میں گشت کر رہی ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پربی جے پی کے سابق رہنما یشونت سنہا نے بھی چپ کا روزہ توڑتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کے حالات کئی سال سے بی جے پی حکومت کے جھوٹے وعدوں کا نتیجہ ہے، صورتحال بہتر کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ تمام فریقین سے مذاکرات کئے جائیں،ان میں حریت رہنما اور پاکستان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے 8 جولائی کو کشمیریوں کی تحریک میں نئی روح پھونکنے والے نوجوان برہان مظفر وانی کی پہلی برسی منائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں