لارڈز ٹیسٹ میں روٹ نے پروٹیز بولرز کے تمام وار سہہ لیے

بطور کپتان ڈیبیو پر سنچری،ناقابل شکست 184 رنز، 2بیٹسمین نوبال پر رخصتی سے بچے۔


Sports Desk/AFP July 07, 2017
بطور کپتان ڈیبیو پر سنچری،ناقابل شکست184رنز،2بیٹسمین نوبال پر رخصتی سے بچے۔ فوٹو : اے ایف پی

لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز جوئے روٹ نے پروٹیز بولرز کے تمام وار سہہ لیے، بطور کپتان ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چھٹے انگلش بیٹسمین 184 پر ناقابل شکست پویلین لوٹے۔

میزبان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپنرز اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، الیسٹر کک (3) کو ورنون فلینڈر نے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کا کیچ بنوانے کے بعد کیٹن جیننگز (8) کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا، ٹوٹل ابھی 49 تک پہنچا تھا کہ مورن مورکل کی گیند گیری بیلنس (20) کے پیڈز پر لگتے ہی امپائر نے انگلی فضا میں بلند کردی۔

کپتان جوئے روٹ کو 8 پر موقع ملا، گلی میں موجود پال ڈومینی نے ربادا کی گیند پر کیچ چھوڑ دیا، جونی بیئرسٹو(10) کو فلینڈر نے ایل بی ڈبلیو کیا، بین اسٹوکس نے 56رنز بنائے تھے کہ ربادا کی گیند پر ڈی کک کو کیچ دے بیٹھے، اس سے قبل انھیں 46 پر مورکل نے بولڈ کردیا لیکن نوبال ہوگئی۔

جوئے روٹ بطور کپتان ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چھٹے انگلش بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد بھی ڈٹے رہے، ان کو مہاراج نے 149پر اسٹمپڈ کرایا، وہ پویلین کی جانب واپسی کیلیے روانہ ہورہے تھے کہ امپائر نے رکنے کا اشارہ کیا، رے پلے میں ثابت ہوا کہ وہ نوبال تھی۔

دوسری جانب ان کا ساتھ دینے کیلیے آنے والے معین علی نے بھی پُراعتماد بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیم کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی،پروٹیز پیسرز اور اسپنرز وکٹ کو ترستے رہے، پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو جوئے روٹ 184اور معین علی 61پر ناقابل شکست تھے،انگلینڈ نے 5وکٹ پر 357رنز جوڑ لیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں