اوگرا نے شیل کمپنی کو سانحہ احمد پور شرقیہ کا ذمہ دار قرار دیدیا

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو فی کس 10 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے ادا کیے جائیں، اوگرا

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو فی کس 10 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے ادا کیے جائیں، اوگرا۔ فوٹو : اے ایف پی

اوگرا نے سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں شیل آئل کمپنی کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اوگرا کی جانب سے جاری سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ میں شیل آئل کمپنی کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے کمپنی پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو فی کس 10 لاکھ اور زخمیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سانحہ احمد پورشرقیہ؛ ابتدائی رپورٹ میں موٹروے پولیس ذمہ دار قرار

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شیل کمپنی کا آئل ٹینکر مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھا، شیل کمپنی نے اوگرا اور ایکسپلوسوز ڈیپارٹمنٹ کے قوانین بھی پورے نہیں کیے اس کے علاوہ آئل ٹینکر کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی نکلا جب کہ آئل ٹینکر کسی بھی تکنیکی معیار کے مطابق نہیں تھا۔


رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ 50 ہزار لیٹر تیل کی نقل و حرکت کے لیے 5 ایکسل کا ٹینکر ہونا چاہیے لیکن سانحہ کا باعث بننے والا ٹینکر 4 ایکسل کا تھا جب کہ موٹروے پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ کو محفوظ نہ بنایا جس کے باعث مقامی آبادی جمع ہوئی اور تیل برتنوں میں بھرنا شروع کر دیا جس سے آگ لگی۔ اوگرا نے آئل کمپنی کو فیصلے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا ہے تاہم عمل درآمد میں غفلت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بہاولپور میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 200 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ عید سے ایک روز قبل احمد پورشرقیہ کے قریب آئل ٹینکر کے الٹنے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 200 سے زائدافراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

Load Next Story