مسجدِ نبویﷺ کی توسیع تاریخی مراحل کی روشنی میں

چودہ سو سال میں مسجد نبوی کے رقبے میں چودہ مرتبہ توسیع ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے


ویب ڈیسک July 07, 2017
چودہ سو سال میں مسجد نبوی کے رقبے میں چودہ مرتبہ توسیع ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ (فوٹو: فائل)

حضور نبی کریمﷺ نے صحابہ کرامؓ کے ہمراہ آج سے چودہ سو سال پہلے مسجدِ نبوی(ﷺ) کی بنیاد رکھی تھی جس کا رقبہ صرف 1,050 میٹر تھا جو وقتاً فوقتاً وسعت پذیر کی جاتی رہی ہے اور آج یہ 500,000 مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری ویب سائٹ ''العربیہ ڈاٹ نیٹ'' پر محمد الحربی کی ایک تحقیقی تحریر شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے گزشتہ چودہ سو سال کے دوران مسجدِ نبویﷺ کی بتدریج توسیع کے کلیدی مراحل پر روشنی ڈالی ہے۔

اس مضمون کے مطابق مسجد نبویﷺ کی پہلی توسیع خود نبی اکرمﷺ کے زمانے میں کی گئی جس کے بعد اس کا رقبہ 2500 مربع میٹر ہوگیا۔

بعد ازاں دوسرے خلیفۃ المومنین عمر بن الخطابؓ نے ایک بار پھر مسجدِ نبویﷺ میں 1100 مربع میٹر توسیع کروائی جس سے مسجد کا رقبہ 3600 مربع میٹر تک پہنچ گیا۔ تیسرے خلیفۃ المومنین حضرت عثمانِ غنیؓ نے مسجد نبویﷺ کے رقبے میں 496 میٹر کی توسیع کروائی جس سے یہ مسجد 6465 مربع میٹر پر محیط ہوگئی۔



خلافتِ راشدہ کے بعد 161 ہجری میں عباسی فرمانروا خلیفہ مہدی نے مزید 2450 مربع میٹر مسجدِ نبویﷺ میں شامل کیے اور یوں اس کا رقبہ 8915 مربع میٹر ہوگیا۔ 888 ہجری میں سلطان اشرف قاتیبائی نے صرف 120 مربع میٹر کی جگہ مسجد نبویﷺ میں مزید شامل کی اور اسے 9053 مربع میٹر پر پہنچادیا۔ عثمانی خلیفہ سلطان عبدالمجید نے 1265 ہجری میں مسجدِ نبویﷺ کے رقبے میں 1293 مربع میٹر توسیع کروائی اور یوں اس مسجد کا رقبہ 10328 مربع میٹر ہوگیا۔



خاندان آل سعود کے دور میں اب تک مسجد نبویﷺ کی تین مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے جس میں پہلی توسیع شاہ عبدالعزیز کے حکم پر 1372 ہجری میں 6024 مربع میٹر ہوئی جس کے بعد مسجد کا احاطہ 16326 مربع میٹر ہوگیا۔ بعد ازاں شاہ فہد بن عبدالعزیز نے مسجد نبویﷺ میں 82000 مربع میٹر کا غیرمعمولی اضافہ کیا اور مسجد کا رقبہ 98352 مربع میٹر پر پہنچ گیا۔ تیسری توسیع شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے حکم پر کی گئی جو 30500 مربع میٹر تھی۔



1433 ہجری (بمطابق 2013 عیسوی) میں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز ہی نے مسجدِ نبویﷺ میں اب تک کی سب سے بڑی توسیع کا سنگِ بنیاد رکھا جس کے بعد اس مسجد کا رقبہ پانچ لاکھ مربع میٹر سے بھی زیادہ ہوچکا ہے۔

توسیع کے نئے منصوبے کے تحت مسجد نبویﷺ کے بیرونی احاطے میں 250 سائبان لگائے گئے ہیں جبکہ پانی خشک کرنے کےلیے 436 پنکھے ان کے علاوہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں