مکانات کی چھتیں گرنے اورمختلف حادثات میں 16افرادجاں بحقمتعددزخمی

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ میں 219 ملی میٹر جبکہ مالم جبہ میں 10فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔


ویب ڈیسک February 05, 2013
مختلف علاقوں میں صرف مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کے باعث جہاں ایک جانب سردی کی شدت ایک بار بڑھ گئی ہے وہیں مختلف حادثات اور واقعات کے نتیجے میں 16 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

لاہور، پشاور، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شانگلہ میں برفانی تودہ گرنے سے 3 راہ گیر جبکہ بشام میں گاڑی کھائی میں گرنے 2 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ہری پور میں برساتی نالے میں طغیانی سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد بہہ گئے۔ جن میں ایک بچے کی لاش اور ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا۔حطار میں کرنٹ لگنے سے 12سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔ نارروال میں آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ لڑکا ہلاک جبکہ پنڈی بھٹیاں میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

بارشوں اور برفباری کے باعث جہاں کئی علاقوں کے ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطے معطل ہوگئے ہیں وہیں زمینی پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، خراب موسم کے باعث قومی ائرلائن کی اندرون اور بیرون ملک پروازیں 5 سے 11 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہیں جبکہ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے قبل پی آئی اے حکام سے رابطہ کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ میں 219 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سیدوشریف 212، کاکول209، چراٹ184، راولپنڈی174، اسلام آباد 172، رسالپور 168، لوئر دیر 149، مظفر آباد130، پشاور 115 اور بالاکوٹ میں 110 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے گزشتہ3 روز کے دوران مالم جبہ میں اب تک 10 فٹ برفباری ریکارڈ کی چا چکی ہے جبکہ کالام میں 6، گلیات میں 3، پارا چنار اور اسکردو میں 2،2 جبکہ دروش ، دیر اور استور میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

شدید برفباری کے باعث سوات، بونیر، چترال، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہوگئی ہے تاہم مری، ایبٹ آباد اور شوگران میں سیاحوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے پہنچ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، گلیات، گوجرانوالہ، سرگودھا، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے تاہم سندھ اور بلوچستان میں مطلع صاف رہے گا تاہم آئیندہ 3 سے 4 روز تک سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں