مخالفین سازشیں کرنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کریں وزیراعظم

مخالفین کو بتانا چاہتا ہوں وہ کچھ بھی کرلیں ہمیں قوم کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم


ویب ڈیسک July 07, 2017
مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے جارہا ہے - فوٹو: فائل

RAWALPINDI: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مخالفین میں انتخابات جینتے کی سکت نہیں اس لیے سازشیں کرتے ہیں اور ان سازشوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جب کہ ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے آئیں میدان میں آکر مقابلہ کریں۔

جھنگ میں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ 21 ماہ کے اندر یہ منصوبہ تیار ہوگیا، پاکستان میں ایک نئی روایت قائم ہورہی ہے کہ انتی کم مدت میں اتنے بڑے بڑے منصوبے تیار ہورہے ہیں جب کہ حکومت سنبھالنے سے آج تک بجلی کی پیداوار میں 7 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا ہے اور آنے والے منصوبے اس پیدوار میں مزید اضافہ کریں گے۔



وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملک میں اندھیرے چھا چکے تھے لیکن اب روشنیاں بحال ہورہی ہیں، صنعتیں چل رہی ہے اور گھر گھر بجلی پہنچ رہی ہے یہی نہیں بلکہ ان تمام منصوبوں کے ساتھ ساتھ بجلی سستی بھی ہورہی ہے جب کہ سیاح بھی بڑی تیزی سے پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی آرہی ہے اور لوگوں کی قوت خرید بڑھ رہی ہے اور مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے جارہا ہے جب کہ پچھلے چند دنوں کے حالات سے اسٹاک مارکیٹ نیچے آئی ہے۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم سے بجلی دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ کسی حد تک پورا کردیا ہے اور رہی سہی کسر بھی بہت جلد پوری ہوجائے گی جب کہ عوام کو لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں سے پوچھنا چاہیے ملک میں ایسے حالات کیوں اور کیسے پیدا ہوئے، کیوں اس قوم سے روشنیاں چھین کر اندھیروں میں دھکیلا گیا اور قوم کے ان مجرموں میں ملک سے باہر بیٹھا ایک آمر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ10 جولائی کو داسو پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جب کہ بھاشا ڈیم بھی تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔



وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمیں روکنے کے لیے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے، انہیں بتانا چاہتا ہوں آپ کچھ بھی کرلیں ہمیں قوم کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن آپ کو یہی کام ملا ہے جو آپ پچھلے 4 سال سے کرتے آرہے ہیں جس سے قوم بخوبی واقف ہے جب کہ آپ نے مسلم لیگ (ن) سے ہمیشہ شکست کھائی ہے اور آئندہ بھی کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ میں انتخابات جینتے کی سکت نہیں اس لیے آپ سازشیں کرتے ہیں اور ان سازشوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جو بزدلی ہے جب کہ ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے آئیں میدان میں آکر مقابلہ کرو۔



واضح رہے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ ایل این جی سے چلے گا جس سے 1230 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔