پاکستانی کیمیکل پی ای ٹی پر یورپی پابندیاں خلاف قانون قرار

7سال قبل یورپی یونین نے منرل واٹربوتلوں کے کیمیکل پراینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگائی تھی


Waqai Nigar Khusoosi July 08, 2017
پابندی سے پاکستانی انڈسٹری کو30کروڑیورو نقصان،فیصلے سے برآمدات کو فروغ ملے گا، وفاقی وزیر تجارت،حکام کی تعریف فوٹو: فائل

عالمی تجارتی تنظیم ڈبلیوٹی او نے منرل واٹر کی بوتلوں کی تیاری میں استعمال میں آنے والی کیمیکل پیٹ (پی ای ٹی۔پولیتھیلین ٹیرپٹیٹھالیٹ) کی پاکستانی برآمدات پر عائد یورپی یونین کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

یورپی کمیشن کو اقدامات کو ڈبلیوٹی او قانون اور رولز کی خلاف وزری قراردیتے ہوئے بین الاقوامی ادارے نے واضح طور پر فیصلہ دیا کہ پاکستانی پیٹ پر یورپی کمیشن کے عائد کردہ اقدامات ڈبلیوٹی اوکے سبسڈیز اینڈ کاؤنٹرویلنگ میجرز ایگریمنٹ (ایس سی ایم) سے مطابقت نہیں رکھتے۔ تجارتی ماہرین فیصلے کو پاکستانی کی بڑی سفارتی فتح قرار دے رہے ہیں۔ ڈبلیوٹی او کے ایڈجیوکیٹنگ پینل نے اپنی رپورٹ جمعرات کی شام کو جنیوا میں جاری کی تھی۔ یورپی یونین نے 2010 میں پاکستانی پی ای ٹی پر 2010 میں اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کی تھی جس سے انتہائی محتاط اندازے کے مطابق پاکستانی کیمیکل انڈسٹری کو تقریباً 30 کروڑ یورو کا نقصان ہوا۔ پاکستان نے یورپی کمیشن کے غیرمنصفانہ تجارتی اقدامات کے خلاف مارچ 2015 میں کیس فائل کیاتھا۔

بین الاقوامی تجارتی قانون کے ماہرین اسے حکومت کی اقتصادی سفارت کاری کی کامیابی قرار دے رہے ہیں جو پاکستانی برآمدات کو تحفظ دینے کے لیے دور رس اثرات کی حامل ہوگی۔ پی ای ٹی یا درختوں سے حاصل کردہ گوند پولیسٹرچپ ہے جو منرل واٹر کے لیے ڈسپوزایبل پی ای ٹی بوتلوں کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے اس کامیابی پر وزارت تجارت کے حکام کی کاوشوں کو سراہا ہے جنھوں نے بین الاقوامی ثالث فورم میں کیس کو 2 سال تک لڑا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ڈبلیوٹی او پینل کے نتائج سے پاکستانی برآمدات کوفروغ ملے گا اور حکومت کو مستقبل میں تجارتی رکاوٹوں کو ہٹانے میں مدد ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں