عابدہ پروین اور اسرار کا مشترکہ کلام’’پھول کھل جائیں‘‘سوشل میڈیا پر ریلیز

میں فلم رنگریز کی ٹیم کو اس کلام کے لیے مبارکباد پیش کرتی ہوں، امید کرتی ہوں یہ کلام لوگوں کو پسند آئے گا


نمرہ ملک July 08, 2017
صوفیانہ کلام اب کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہا، پوری دنیا میں لوگ اسے پسند کررہے ہیں ، عالمی شہرت یافتہ گائیک کی گفتگو ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ صوفیانہ کلام گائیک عابدہ پروین نے کہا کہ درگاہی کلام یعنی صوفیانہ کلام، اب کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ پوری دنیا میں پھیل چکا ہے، پوری دنیا اس کلام میں داخل ہورہی ہے اور اسے قبول کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے فلم''رنگریزا'' میں اپنے کلام''پھول کھل جائیں'' کی ریلیز کے موقع پر سوشل میڈیا پر وڈیو میں کیا۔عابدہ پروین اور اسرار کا مشترکہ کلام''پھول کھل جائیں'' سوشل میڈیا پر جاری کردیا گیا، یہ کلام فلم رنگریزا کے میوزک کا حصہ ہے، اس کلام کی شاعری اسرار نے تحریر کی ہے جب کہ اس کی موسیقی جے علی نے ترتیب دی ہے۔ عابدہ پروین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میں نے اور اسرار نے یہ کلام کچھ دن پہلے کیا تھا، یہ در گاہی رنگ کا کلام ہے، یہ صنف اب دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے، ہندوستان، پاکستان، انگلینڈ، امریکا ودیگر ممالک میں درگاہی کلام کی ایک آواز بلند ہے جو اﷲ کی قوت سے قائم ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں فلم رنگریز کی ٹیم کو اس کلام کے لیے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

امید کرتی ہوں کہ یہ کلام لوگوں کو پسند آئے گا، ایک انسان پوری کائنات کے مترادف ہے، ایک فرد کو پسند آگیا گویا محنت وصول ہوگئی۔ عابدہ پروین نے امید ظاہر کی کہ اس کلام کی برکات سے فلم رنگریزا کو مزید رنگ لگے گا۔فلم '' رنگریزا''موسیقی کے موضوع پر مبنی ہے جس کی کہانی جدید اور کلاسیکی موسیقی کے گرد گھومتی ہے، فلم میں کراچی میں مقیم قوال گھرانے کی کہانی قابل غور ہے جو عہد حاضر میں بھی اپنی روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔

اس میں پاپ موسیقی سے تعلق رکھنے والے ایک بینڈ کی کہانی بھی شامل ہے۔ فلم کی ہدایات نوجوان ہدایت کار عامر محی الدین نے دی ہیں جب کہ کہانی اختر قیوم نے لکھی ہے۔فلم میں پاکستانی ڈراموں کے منجھے اور ابھرتے ہوئے ستارے شامل ہیں جن میں تنویر جمال، اکبرسبحانی، سلیم معراج، عمران پیرزادہ، شاہد نقوی، صبا فیصل، سیمی پاشا، بلال اشرف، گوہر رشید، عروہ حسین اور دیگر شامل ہیں۔ فلم رنگریزا 21 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فلم کے ہدایت کار عامر محی الدین کا کہنا ہے کہ اس فلم کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر ریلیز کی تیاری کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں