روشن راستہ

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

بھائی کو ہماری شادی کی فکر نہیں
سوال: ہم دو بہنیں اور دو بھائی ہیں۔ والدین کے انتقال کو پانچ سال گزرچکے ہیں۔ ہم سب بہن بھائی غیرشادی شدہ ہیں۔ جب ہمارے والدین کا انتقال ہوا تو میری عمر 24 سال تھی۔ ہمارا کوئی سرپرست نہیں۔ رشتے دار ہم سے میل جول نہیں رکھتے۔ ہماری شادی کی فکر کرے تو کون کرے؟ بڑے بھائی کا خیال ہے کہ اُن کی اپنی شادی جلدازجلد ہوجانی چاہیے۔ وہ سب سے اپنے رشتے کے لیے کہتے پھرتے ہیں۔ دونوں بھائی ہم بہنوں کو اپنے لیے مصیبت سمجھتے ہیں۔
(م۔و: لاہور)
جواب: سب کاموں سے فارغ ہوکر رات سونے سے پہلے اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101مرتبہ سورۂ بقرہ (2)کی آیت 163پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے لیے اور اپنی بہن کے لیے دعا کریں۔ عمل کی مدت 90 روز ہے۔ ناغے کے دن بعد میں پورے کرلیں۔

سوتے میں دانت پیستی ہوں
سوال: میں اکثر رات کو دانت پیستی ہوں ۔ کبھی کبھی تو اس میں اتننی شدت ہوتی ہے کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
(ف ۔ ج: گجرات)
جواب: آپ کی بیان کردہ علامات عموماً مزمن سوء ہضم یا پیٹ کے کیڑوں کی موجودگی میں ظاہر ہوتی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ کسی ڈاکٹر یا حکیم سے رابطہ کریں۔
خشک خارش
سوال: مجھے گذشتہ ایک سال سے خشک خارش کی شکایت ہے۔ میرے ہونٹ بھی خشک رہتے ہیں۔ معدے میں جلن محسوس ہوتی ہے۔ گوشت انڈا یا تلی ہوئی کوئی چیز کھالوں تو خارش بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
(مسز نعیم: گجرانوالہ)
جواب: رنگ و روشنی کے طریقۂ علاج پر تیار کردہ سبزشعاعوں کا پانی ایک ایک کپ صبح و شام۔ نیلی شعاعوں کا پانی ایک ایک کپ دوپہر اور رات کھانے سے قبل پییں۔ رات سونے سے پہلے ایک ٹیبل اسپون روغن زیتون ، ایک پیالی نیم گرم دودھ میں ملاکر پییں۔ انڈا، مچھلی، گائے کا گوشت، تیز نمک مرچ کچھ ہفتوں کے لیے استعمال نہ کریں۔

قد چھوٹا ہے
سوال: میرا بیٹا 15سال کا ہے۔ اُس کا قد دیگر ہم جماعتوں کے مقابلے چھوٹا ہے۔ اس لیے وہ کبھی کبھی اُن کے مذاق کا نشانہ بھی بنتا ہے اور گھر آکر روتا ہے۔ کوئی روحانی علاج بتادیں۔
(ف۔ ب: فیصل آباد)
جواب: روحانی علاج کے ساتھ ساتھ اپنے بیٹے کے کھانے پینے کی اشیاء میں غذائیت کا بھی پورا خیال رکھیں۔ اسے روزانہ ایک گلاس دودھ پلائیے، ایک پیالہ دہی کھلائیے۔ آدھی چھٹانک ساگودانہ اور آدھی چھٹانک منقیٰ بیج نکال کر کھیر بنالیں اور نہار منہ کھلائیں۔ بطور روحانی علاج کھانے کے زرد رنگ اور عرق گلاب سے تین پلیٹوں پر:
بسم اﷲ الرحمن الرحیم
تلک آیات الکتاب المبین
الرحیم الرحیم الرحیم
یااﷲ یامرید
لکھ کر صبح دوپہر شام ایک ایک پلیٹ پانی سے دھو کر بیٹے کو پلائیں۔ اس عمل کی مدت چھے ماہ ہے۔

چہرہ پُرکشش ہوجائے
سوال: میرے چہرے میں بالکل بھی کشش نہیں ہے۔ کوئی ایسا عمل بتائیں جس سے میرا چہرہ پرکشش ہوجائے۔
(ح۔ف: لاہور)
جواب: روزانہ سورج طلوع ہونے سے پہلے کھلے آسمان کے نیچے کھڑے ہوکر ناک کے نتھنوں سے آہستہ آہستہ سینے کے اندر سانس کھینچیے اور سانس روکے بغیر منہ سے خارج کردیجیے۔ اس طرح سات سے گیارہ مرتبہ کریں۔ سانس اندر کھینچنے اور باہر نکالنے کے اس عمل میں اس بات کا خیال رکھیں کہ سانس اُس وقت تک اندر کھینچا جائے جب تک برداشت ہو۔ اپنے کمرے میں سائیڈ ٹیبل پر رات کے وقت گلاب کے چند پھول رکھ لیا کریں۔

وہ زہر نہ گھول دے
سوال: میں ایک معزز اور تعلیم یافتہ فیملی کی لڑکی ہوں۔ پیدائش کے فوراً بعد امی نے مجھے اپنے ایک عزیز کو گود دے دیا۔ بڑی ہوکر میں والدین کے گھر آگئی۔ ایک لڑکے نے میری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔ ہماری فون پ ربات چیت چلتی رہتی۔ میں نے اُس کو سچا سمجھ لیا تھا۔ میں نے اپنی کئی تصاویر بھی اُس کو دے ڈالی تھیں۔ اب مجھے ڈر ہے کہ وہ میری زندگی میں زہر نہ گھول دے۔
(ایک دکھی بیٹی: کراچی)
جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورۂ الصفٰت(37)کی آخری تین آیات گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر حفاظت اور سلامتی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے یاسلام کا ورد کرتی رہاکریں۔

سہیلی بنانا ضروری ہے
سوال: میں پری میڈیکل کی طالبہ ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں جسے بھی سہیلی بناتی ہوں وہ جلد ہی کالج چھوڑ کر چلی جاتی ہے یا میں جس لڑکی کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتی ہوں وہ کچھ دنوں میں دوستی ختم کردیتی ہے۔ دراصل میرے لیے کسی نہ کسی کو سہیلی بنانا بہت ضروری ہے کیوں کہ اس طرح پڑھائی میں مدد ملتی ہے۔
(ث: کراچی)
جواب: سہیلیاں ضرور بنائیں لیکن باہمی تعلقات میں اعتدال اور میانہ روی برقرار رکھیں۔ انسان ایک دوسرے کے کام آتے ہیں لیکن دوستی صرف اس غرض سے کیوں کی جائے کہ مجھے اس سے مدد ملے گی؟ سہیلیوں سے زیادہ توجہ کی طلب گار نہ بنیں۔ اسمِ الہٰی ''یا جلیل'' چاندی کے پترے پر کندہ کروا کر گلے میں پہن لیں۔

شوہر اپنے ساتھ لے جائیں
سوال: میری شادی کو پانچ سال ہوگئے ہیں۔ میرے شوہر ملک سے باہر رہتے ہیں اور اس دوران وہ صرف تین بار پاکستان آئے ہیں۔ وہ بھی چاہتے ہیں کہ مجھے اپنے ساتھ لے جائیں لیکن کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے۔
(ف۔ ا: اسلام آباد)
جواب: رات سونے سے پہلے وضو کرکے مصلّے پر بیٹھ جائیں۔101 مرتبہ آیت کریمہ لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظلمین کا ورد کریں اور مصلّے پر بیٹھے بیٹھے آنکھیں بند کرکے دیر تک اپنے مقصد کے حصول کے لیے دعا کریں۔

منفی خیالات

سوال: میں بی اے پاس اور مناسب شکل و صورت کی لڑکی ہوں میرے ذہن میں ہر وقت منفی خیالات گردش کرتے رہتے ہیں۔ میں نے ان شیطانی خیالات سے پیچھا چھڑانے کی بہت کوشش کی اور اﷲ تعالیٰ سے رو رو کر دعا بھی مانگی، لیکن ان شیطانی وسوسوں سے میرا پیچھا نہیں چھوٹ سکا۔
(صائمہ: راولپنڈی)
جواب: رات کے وقت ایسی جگہ جہاں اندھیرا اور تنہائی ہو، وضو کرکے مصلّے پر بیٹھ جائیں۔ 101 مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسم ''یاحمید'' کا ورد کریں اور وسوسوں اور بُرے خیالات سے نجات کے لیے دعا کریں۔ اس عمل کی مدت 45 روز ہے۔

بیٹے کی کوئی خبر نہیں ملتی
سوال: میرا بیٹا گذشتہ بارہ سال سے ہانگ کانگ میں مقیم ہے۔ چھے سال قبل وہ آخری بار وطن آیا تھا۔ لیکن گذشتہ دو سال سے اُس کی کوئی خبر نہیں۔ اُس کی فیس بک، اسکائپ آئی ڈیز بھی بند ہیں۔ میں بہت پریشان ہوں۔
(ایک دکھی ماں)
جواب: جب گھر کے تمام افراد سوجائیں تو آدھی رات کے وقت اپنے گھر کے چاروں کونوں کی طرف رُخ کرکے ستّر ستّر مرتبہ ''یامعید'' پڑھ کر پھونک مار دیں۔

رعشہ
سوال: ہمارے والد صاحب کو تقریباً 2 سال سے رعشہ کا مرض لاحق ہے۔ ہر وقت تو نہیں لیکن اکثر ان کے ہاتھ زور زور سے ہلتے رہتے ہیں۔ جب وہ ٹیلی ویژن دیکھتے ہیں تو اُن کی گردن ہلتی رہتی ہے۔ ویسے ہر کام بالکل نارمل طریقے سے کرتے ہیں لیکن کبھی کبھی ہاتھ اور سر بہت تیزی سے ہلنے لگتے ہیں۔
(ص۔ الف: کراچی)
جواب: ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ اپنے والد صاحب کو کسی مومی کاغذ پر سورۂ رحمن کی ابتدائی تین آیات لکھ کر گلے میں پہنا دیں۔ نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح شام ایک ایک پیالی پلائیں۔

اولادکی خواہش
سوال: میری شادی کو ابھی پانچ ماہ ہی ہوئے ہیں۔ مجھے ماں بننے کی شدید خواہش ہے۔ میں بہت بے چین رہتی ہوں۔ مجھے خوف لاحق ہوگیا ہے کہ شاید میں ماں نہیں بن سکوں گی اور اگر میں ماں نہیں بن سکی تو میرا شوہر مجھ سے بددل ہوجائے گا اور اُسے کوئی مجھ سے چھین لے گا۔ کبھی کبھار تو مجھے بہت زیادہ رونا آتا ہے۔ میرے شوہر مجھے نفسیاتی مریض سمجھنے لگے ہیں۔ وہ میری بہت دل جوئی کرتے ہیں مگر مجھے کسی پل سکون نہیں آتا۔
(ر ۔ ل: نواب شاہ)
جواب: ایک وقت مقرر کرکے چالیس مرتبہ ''یامصور'' پڑھ کر ایک گلاس پانی پر دم کریں آدھا گلاس خود پییں اور آدھا گلاس اپنے شوہر کو پلا دیں۔

اپنے ہاتھوں صحت تباہ کردی
سوال: میری عمر21 سال ہے۔ آج سے دو ڈھائی سال قبل میں بالکل نارمل انسان تھا اور میرے اندر کوئی اخلاقی برائی نہیں تھی لیکن اب مجھے ایک بُری عادت لگ گئی۔ میں اکیلے میں خود پر قابو نہیں رکھ سکتا ، میں نے اپنے ہاتھوں سے اپنی صحت تباہ کردی ہے۔
(ا۔ض: لاہور)
جواب: صبح فجر کی نماز باجماعت ادا کریں اور ہر نماز کے بعد 101مرتبہ یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔ ہر وقت باوضو رہیں لیکن وضو قائم رکھنے کے لیے اپنے اوپر پرہیز نہ کریں اگر وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ کرلیں۔ رات سونے سے قبل وضو تازہ کرکے بستر پر لیٹ کر101 مرتبہ درودشریف پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔ گرم تاثیر کی غذاؤں سے پرہیز کریں۔ کھانے پینے میں سبزیاں، دال، چاول، پھل، دودھ، دہی زیادہ استعمال کریں۔ باقاعدگی سے ورزش کریں۔

گھر کا کوئی کام نہیں کرتی
سوال: میں شروع ہی سے بہت صفائی پسند رہی ہوں۔ اپنے کمرے میں کبھی بھی گندگی برداشت نہ کرتی تھی۔ لیکن اب نہ جانے مجھے کیا ہوگیا ہے کہ نہ میں اپنی صفائی کا خیال رکھتی ہوں نہ کمرے کی۔ گھر والے ڈانٹتے ہیں لیکن میں بہت ڈھیٹ ہوتی جارہی ہوں۔ پہلے میں ہمیشہ ورزش کرتی تھی مگر اب تو صبح اُٹھ کر دیر تک برش بھی نہیں کرتی۔ جلد ہی میری شادی ہونے والی ہے۔
(ذ۔ م: کراچی)
جواب: رات سونے سے قبل بسم اﷲ شریف کے ساتھ 101 مرتبہ:
بحول و قوت لا الہٰ الا اﷲ المھیمن
العزیز الجبار المتکبر
پڑھ کر اپنی صحت کے لیے دعاکریں۔ اس عمل کی مدت کم ا ز کم اکیس روز ہے۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کرتی رہا کریں۔

کوئی بے عزتی نہ کردے
سوال: میری عمر 25 سال ہے لیکن میری ذہنی کیفیت میٹرک کے لڑکے کی مانند ہے۔ میں ہر وقت کنفیوز رہتا ہوں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ ہر وقت غمگین ، تنہا اور اُداس رہتا ہوں۔ گلے محلے میں یہ سوچ کر نہیں نکلتا کہ کہیں کوئی میری بے عزتی نہ کردے۔
(نام شائع نہ کریں۔ اٹک)
جواب: انگوٹھی میں چمک دار نیلا نگینہ اس طرح پہن لیں کہ نچلا حصہ انگلی سے مس ہوتا رہے۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاعزیز کا ورد کرتے رہا کریں۔

کایا پلٹ گئی!
سوال: ایک وقت تھا کہ میری والدہ اور میری خالہ میں بہت محبت ہوا کرتی تھی۔ انہوں نے اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے میرا رشتہ میرے خالہ زاد سے اور میرے بھائی کا رشتہ خالہ کی لڑکی سے طے کیا۔ چھے ماہ قبل میرے بھائی کی شادی میری کزن سے ہوگئی۔ میری شادی منگیتر کی جاب لگنے کے بعد طے ہوتی۔ لیکن بھائی کی شادی کے کچھ ہی مہینوں بعد کایا پلٹ گئی اور غلط فہمیاں جنم لیتی گئیں۔ خالہ کے گھر والوں سے لڑائیاں شروع ہوگئیں۔ اب یہ حال ہے کہ میری امی ابو اور بہنوں کے دلوں میں بھابھی اور خالہ کے گھر والوں کے لیے نفرت نے گھر کرلیا ہے۔ اب والدین میری شادی خالہ زاد سے نہیں کرنا چاہتے جب کہ خالہ مجھے اپنی بہو بنانے کے لیے آج بھی تیار ہیں۔
(س۔ خ: حیدرآباد)
جواب: بہتر ہوگا کہ اب ادلے بدلے کے اس رشتے کے بارے میں دوبارہ خوب اچھی طرح غور کرلیا جائے۔ فیصلہ جذبات کی بنیاد پر نہیں حالات کو سامنے رکھ کر حقیقت پسندی کے تحت کیا جائے۔ ہماری یہ بھی دعا ہے کہ آپ کی والدہ اور بہنوں کو فکر سلیم سے کام لینے کی توفیق عطا ہو۔ آمین

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469ا
Load Next Story