کراچی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ریسٹورنٹ سے 3 بم برآمد

بلدیہ ٹاؤن ٹریفک چوکی کے قریب 2 افراد کی لاشیں ملیں ،سہراب گوٹھ میں فائرنگ،ایک شخص ہلاک


Staff Reporter August 02, 2012
بلدیہ ٹاؤن ٹریفک چوکی کے قریب 2 افراد کی لاشیں ملیں ،سہراب گوٹھ میں فائرنگ،ایک شخص ہلاک۔ فائل فوٹو

لاہور: کراچی میں فائرنگ سے متحدہ کے کارکن سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے ،ایم کیوایم کے مغوی کارکن کی بوری بندلاش جہانگیرروڈسے مل گئی،فائرنگ کے دیگر واقعات میں 2افرادزخمی ہوگئے جبکہ گلشن اقبال میں نجی اسپتال کے قریب ریسٹورنٹ سے پلاسٹک کے ڈبے میں رکھے گئے3دستی بم ناکارہ بنادیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جمشیدکوارٹرتھانے کی حدود جہانگیر روڈنمبر3میں گلی سے ایم کیوایم کے مغوی کارکن33 سالہ شعیب میمن کی بوری بندلاش ملی،مقتول رنچھوڑلائن پیروڈواسٹریٹ حاجی دین محمد بلڈنگ میں فلیٹ نمبر8کارہائشی اوراقرایونیورسٹی کے کینٹین میںکام کرتاتھاجبکہ پارٹ ٹائم میں گھرکے قریب چھولے پکوڑوںکاٹھیلا لگاتاتھا،مقتول متحدہ قومی موومنٹ رنچھوڑائن سیکٹرکاکارکن تھااورمنگل کی صبح11بجے کینٹین جانے کیلیے گھرسے نکلاتھاکہ نامعلوم ملزمان نے اغواکرکے ہاتھ پاؤں باندھ کر بہیمانہ تشددکانشانہ بنانے کے بعد6گولیاں مارکرہلاک کردیااورلاش پھینک کرفرارہوگئے۔

سائٹ اے کے علاقے فرنٹیئرکالونی میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کرکے28سالہ محمد انورکوزخمی کردیاجسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایاگیاجبکہ شیرشاہ کے علاقے گلبائی کے قریب گودام میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر 34 سالہ ریاض خان کوزخمی کردیا۔ گلشن اقبال تھانے کی حدودنیپاچورنگی کے قریب نجی اسپتال سے متصل حیدرآبادی ریسٹورانٹ کے کیبن کے اندراخبارمیں لپٹے ہوئے پلاسٹک کے ڈبے سے خوف وہراس پھیل گیا،اسپتال انتظامیہ نے مشکوک ڈبہ دیکھ کرپولیس کواطلاع دی جس پرپولیس افسران اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اوربم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کے ڈبے کامعائنہ کرنے پر اس کے اندرسے3 دستی بم برآمد ہوئے جنھیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے ناکارہ بنانے کے بعدپولیس کے حوالے کردیا۔ملنے والے دستی بم روسی ساختہRJ-69ہیں جس کے اندر ساڑھے3ہزارسے زائد بال بیرنگ موجودہوتے ہیں۔بلدیہ ٹاؤن ٹریفک چوکی کے قریب پلاٹ سے 2 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ بی تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 2 ٹریفک پولیس چوکی کے قریب خالی پلاٹ سے 2 افراد کی ہاتھ پاؤں بندھھی ہوئی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر سر اور سینے پرفائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور لاشیں پھینک کر فرار ہوگئے ۔

پولیس نے لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائیں بعدازاں مقتول کی شناخت رشید اور شاہنواز کے نام سے کی گئیں،رشید کے رشتے دار نے بتایا کہ مقتول رشید افطاری کے بعد اپنے دوست شاہنواز کے ساتھ گیا تھا جس کے بعد ان کی لاشیں ملی ہیں اور جائے وقوع کے قریب سے ان کی موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں، سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ بنگالی پاڑہ پی ایم ٹی والی گلی میںجھگڑے کے دوران فائرنگ سے 26 سالہ سکندر ولد محمد شاہ ہلاک ہوگیا جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ افتخار لودھی نے بتایا کہ مقتول کا گلی میں کسی سے جھگڑا ہوا تھا جبکہ وہ محنت کش تھا ، انھوں نے بتایا کہ مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں