’’انگلش ونگش‘‘ کے بعد’’رنگرز‘‘ پریا آنند دوسری ہندی فلم میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

۔بالی وڈ میں کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے اور اچھے تجربات سے گزررہی ہوں، پریا آنند


Showbiz Desk February 06, 2013
سری دیوی کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے ، پریا آنند۔ فوٹو : فائل

فلم ''انگلش ونگلش میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سائوتھ کی ایک اور اداکارہ پریا آنند کی نئی فلم ''رنگرز''کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے اداکارہ اس فلم میں اداکار جیکی بھنگنانی کے مدمقابل ہیروئن کا کردار نبھارہی ہیں ۔

اداکارہ کا کہنا ہے اس فلم میں مختلف کردار نبھارہی ہوں ۔اپنی پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کروں گی ۔بالی وڈ میں کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے اور اچھے تجربات سے گزررہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ 2009سے 2012کے دوران سائوتھ کی کئی فلمیں کی ہیں ۔ان میں اچھی پرفارمنس پر بالی وڈ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔انھوں نے کہا کہ ہندی فلم میں سری دیوی کے ساتھ کام کرنا کسی ایوارڈ سے کم نہ تھا اور مجھے اس بات پر فخر ہے ،انھوں نے کہا کہ رواں سال دو فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ فلم ''انگلش ونگش''میں رادھا کے کردار میں پسند کیا گیا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ تامل اور تلگو فلموں میں اب بھی کام کررہی ہوں اور اس سال بھی سائوتھ کی کئی فلمیں ہندی فلموں کے ساتھ سینماگھروں کی زینت بنائی جائیں گی ۔26سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں اپنا الگ مقام بنانے کے لیے محنت کرتی رہوں گی اور سینئرز سے رہنمائی بھی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھوں گی۔اداکارہ نے بتایا کہ نئی فلم میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں ۔واضح رہے کہ17ستمبر 1986کو تامل ناڈو چنائی میں تلگو اور مراٹھی والدین کے گھر پیدا ہونے والی پریا آنندکو ان دونوں زبانوں پر عبور حاصل ہے ۔اس کے ساتھ پریا نے انگریزی ،ہندی ،بنگالی اور ہسپانوی زبانیں بھی سیکھ رکھی ہیں زندگی کے ابتدائی ایام چنائی اور حیدرآباد میں گزارے ۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے امریکا گئی اس عرصہ میں فلم میکنگ کے حوالے سے تکنیک جاننے کی کوشش بھی کرتی رہی تاہم اس عرصہ تک کبھی بھی اداکارہ بننے کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا ۔البانے یونیورسٹی سے کمیونیکیشن اور جرنلزم کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 2008میں وطن واپسی ہوئی ۔چنائی پہنچ کر دادا کے گھر رہنا شروع کیا ۔شروع میں ماڈلنگ کے شعبے میں کام کرنے کا اتفاق ہوا اورکچھ ٹی وی کمرشلز کیں۔اسی دوران ٹی وی کمرشلز دیکھ کر سائوتھ کے کئی پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں نے فلم میں کام کرنے کی آفرز کیں ۔پہلی فلم اگرچہ 2009میں سینمائوں کی زینت بنی مگر اس سے پہلے 2008کے دوران تامل فلم مکمل کی تھی اور اس فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ۔اداکارہ کے مطابق اسی عرصہ میں فلم میں چینل رپورٹر کا کردار بھی بڑی خوبی سے نبھایا جس کی دھوم بالی وڈ میں بھی مچ گئی اور یوں سائوتھ کی فلموں سے عمدہ پرفارمنس کے چرچے بالی وڈ کے ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز تک پہنچے ۔



2010میں سینماگھروں کی زینت بنائی جانیوالی تلگوفلم ''لیڈر''کے کردار سے متاثر ہوکر کئی فلمیں آفرز ہوئیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان فلموں میں اپنے کرداروں کو دیکھ کر فیصلہ کرنے کی ٹھان لی تھی اس لیے بالی وڈ کے لیے اپنی پسند کے کردار کا انتظار کیا ،جو سری دیوی کی فلم ''انگلش ونگش ''میں مل گیا ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ رواں سال ہی فرحان اختر کی فلم بھی کررہی ہوں۔فلم مکمل ہوچکی ہے اور اب اسے جلد ریلیز کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ پریا آنند نے سائوتھ کی فلموں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شہرت پائی ہے ان کی پہلی ہندی فلم بھی بہتر رہی تاہم آیندہ ان کی میگا اسٹارر فلم میں پرفارمنس سے ہی مستقبل کا فیصلہ ہوسکے گا۔میگا بجٹ فلم کی باکس آفس پر کامیابی ہی اداکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر فائز کرسکے گی۔

اداکارہ کی اب تک کی پرفارمنس نے فلمسازوں کو متاثر کیا ہے جس پر انھیں کئی فلموں میں کام کرنے کی آفرزہیں۔ ان کے کام کو ڈائریکٹرز نے بھی بہتر جانا ہے ۔ساتھی فنکاروں کی جانب سے ان کے بارے میں دریافت کرنے پر بتایا گیا ہے کہ اداکارہ بہت تعاون کرتی ہیں ،اپنے کام پر توجہ دینا ان کی عادت میں شامل ہے۔ پریا نے جتنے بھی پراجیکٹ کیے انھیں بروقت مکمل کروانے کا ٹاسک پورا کیا ہے ۔آتے ہی اپنا الگ مقام بنانے کے لیے منفرد انداز اختیار کیا ہے۔بالی وڈ ذرایع کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے سائوتھ کی بے شمار فلمیں سائن کرلی ہیں ۔اس حوالے سے نقادوں نے کہا ہے کہ اداکارہ کو آغاز پر بہتر انتخاب کرنا چاہیے ۔ان کی جانب سے متعدد فلموں میں کام کرنے کا رحجان اچھا نہیں ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ ہندی فلموں کو ترجیحات میں شامل کرنے سے ہی ان کی معیاری اداکاری کا چرچہ ہو سکے گا۔ اچھی کہانی اور معیاری اسکرپٹ کے ساتھ میگا فلمیں ہی انھیں صف اول کی اداکارائوں میں رہنے کی راہ پر ڈالنے کا سبب بنیں گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں