عمران خان نااہلی کیس تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا رویہ متعصب قرار دے دیا

فنڈزکے معاملے پر نہ کوئی فراڈ کیا اورنہ الیکشن کمیشن سے حقائق چھپائے، تحریک انصاف کا سپریم کورٹ میں جواب


ویب ڈیسک July 08, 2017
سپریم کور ٹ الیکشن کمیشن کے موقف کومسترد کرے، استدعا: فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن کا رویہ متعصبانہ قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس پر تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کے جواب پر اپنا جواب جمع کرادیا گیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف سے تعصب کارویہ اپنا رہا ہے، الیکشن کمیشن تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ پارٹی قراردینا چاہتا ہے، قواعد الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کے معاملے پر فیصلے کااختیار نہیں دیتے، الیکشن کمیشن فنڈنگ کے معاملے پر صرف تحریک انصاف کو ٹارگٹ کررہا ہے اورالیکشن کمیشن کاتعصب واضح نظرآتا ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے دیگرجماعتوں کے اکاؤنٹس تضادات پر کوئی ایکشن نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے پرانے کاؤنٹس کھولنا شروع کردئیے ہیں، فنڈزکے معاملے پر نہ کوئی فراڈ کیا اورنہ الیکشن کمیشن سے حقائق چھپائے، تحریک انصاف نے قانون کے مطابق فنڈزاکٹھے کئے جب کہ تحریک انصاف نے جواب میں استدعا کی کہ سپریم کور ٹ الیکشن کمیشن کے موقف کومسترد کرے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی، (ن) لیگ، مسلم لیگ (ق)، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم سمیت ںمختلف سیاسی جماعتوں کی مالی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔ اضافی دستاویزکی صورت میں جمع کرائی گئی مالی دستاویز میں تحریک انصاف کے 6 برسوں، (ن) لیگ کی 3 ، جماعت اسلامی کی 2 جب کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ایک ایک سال کی مالی تفصیلات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست میں الیکشن کمیشن نے اپنا جواب جمع کرایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں