آئندہ عام انتخابات کا انعقاد نظرنہیں آرہاپیر پگارا

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں سردار چاکر شاہانی کی ساتھیوں سمیت شمولیت


Staff Reporter August 02, 2012
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں سردار چاکر شاہانی کی ساتھیوں سمیت شمولیت۔ فائل فوٹو

حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہے کہ زمینی حقائق اور موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ملک میں آئندہ عام انتخابات کا انعقاد نظرنہیں آتا،ہم صدر آصف علی زرداری کے ساتھ اتحاد کو چلانا چاہتے ہیں لیکن ان کے نیچے کی قیادت ان کے فیصلوں پر عمل نہیں کرتی ،اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح اتحاد کو چلاتے ہیں، کوئی بھی بے وقوف نہیں ہوتا، سیاست کچھ لو اور کچھ دو کا نام ہے،اگر یہ نہیں ہوگی تو کوئی ساتھ نہیں چل سکتا۔

وہ بدھ کو سردار چاکر خان شاہانی کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سردار چاکر خان شاہانی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ چاکر خان شاہانی سابق وزیراعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیاقت علی خان جتوئی کے برادر نسبتی ہیں ۔ تقریب میں مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ ، صوبائی وزیر جام مدد علی ، سابق صوبائی وزیر سید علی بخش شاہ عرف پپو شاہ ، میر نصیر خان کھوسو ، مسلم لیگ (ق) کے رکن سندھ اسمبلی شہریار خان مہر ، مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما پیرزادہ یاسر سائیں ، ایشور لعل ، ندیم مرزا ، زبیر میمن اور دیگر رہنما موجود تھے۔

پیر پگارا سے سوال کیا گیا کہ جو لوگ مسلم لیگ (فنکشنل) میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ، آپ انہیں پیپلز پارٹی کی جھولی میں تو نہیں ڈال دیں گے ؟ پیر پگارا نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، کوئی کسی کو کسی کی جھولی میں نہیں ڈالے گا، کوئی بچہ نہیں ہوتا کہ جا کر بیچ دے گا، چاکر خان شاہانی کی مہربانی ہے کہ انھوں نے ہمیں عزت دی۔انھوں نے کہا کہ زمینی حقائق کو دیکھا جائے تو آئندہ آٹھ دس ماہ یا ایک سال میں عام انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ۔ اس سوال پر کہ کیا سیاست میں فوج کی مداخلت نظر آرہی ہے ؟

انھوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں تو فوج کی مداخلت نظر نہیں آئی،میں نہ بڑا لیڈر بننا چاہتا ہوں اور نہ بڑا آدمی، اگر مسلم لیگ ایک ہوتی ہے تو میں اپنی مسلم لیگ حوالے کرنے کے لیے تیار ہوں،ہماری پارٹی مضبوط ہو رہی ہے، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی ہم نے انتخابات میں جو سیٹیں جیتی تھیں ، وہ سیٹیں دوبارہ بھی نکال لیں گے ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر رہنمائوں میں سردار فیاض خان ڈومکی ، میر محسن علی خان ڈومکی ، خادم علی ڈومکی ، قدیر خان جمالی ، وڈیرہ امداد گشکوری اور دیگر شامل تھے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں