کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 5 شہری شہید

بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک July 08, 2017
پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔ فوٹو؛ فائل

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر چڑی کوٹ سیکٹر کے علاقے عباسپور میں بھارتی فائرنگ سے 5 شہری شہید اور 10 زخمی ہوئے۔ قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہفتے کو بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 2 شہری شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاک فوج نے بھی بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا۔ بعد ازاں پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانا شرمناک عمل اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ایسے موقع پر کی گئی ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے شہید کیے گئے برہان مظفر وانی کی پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فوج نے کشمیر کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے جبکہ وادی بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ متعدد حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا ہے اور مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں