زمبابوے نے گھر میں گھس کر آئی لینڈرز کے ہوش اڑا دیے

ڈیکویلا اورگوناتھل میں مسلسل دوسری ڈبل سنچری شراکت ٹیم کے کام نہ آئی

بارش سے متاثرہ چوتھے ون ڈے میں 4وکٹ سے فتح،کریگ ایروائن کی برق رفتارففٹی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

زمبابوے نے گھر میںگھس کر آئی لینڈرزکے ہوش اڑا دیے، بیٹسمین کریگ ایروائن کی برق رفتارففٹی نے ٹیم کو بارش سے متاثرہ چوتھے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم پر 4 وکٹ سے فتح دلا دی۔

زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میں بارش کی وجہ سے 31 اوورز میں 219 رنز بنانے کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا۔ اوپنر ہیملٹن مساکیڈزا اور سلومون مائر نیٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کر دیا، دونوں کو وانندو ڈی سلوا نے میدان بدر کیا، مساکیڈزا 28 رنز بناکر بولڈ ہوئے جبکہ مائیر نے میتھیوز کا کیچ بننے سے قبل 43 رنز بنائے، ٹاریسائی مساکانڈا 30 رنز اسکور کر کے چمیرا کی گیند پر ڈیکویلا کے ہاتھوں کیچ ہوئے، سین ولیمز کو ڈیکویلا نے گونارتنے کی گیند پر اسٹمپڈ کردیا، سکندر رضا صرف 10 رنز بناکر وانندو ڈی سلوا کا ریٹرن کیچ بن گئے۔


اس موقع پر کریگ ایروائن نے ٹیم کا کنٹرول سنبھالا اور والر کی مدد سے اسکور کو 29 اوورز میں 215 تک پہنچایا، اگلے اوور کی پہلی گیند پر والر (20) سنداکن کی گیند پر گوناتھلاکا کے ہاتھوں کیچ ہوئے تاہم ایروائن نے 10 بالز قبل ہی ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا، انھوں نے 55 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 69 رنز بنائے، وانندو ڈی سلوا نے 3 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل اوپنرز نروشن ڈیکویلا اور دنوشکا گوناتھلاکا نے سری لنکا کو 209 کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کرتے ہوئے مجموعے کو 6 وکٹ پر 300 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، اس طرح دونوں ون ڈے تاریخ میں لگاتار 2 میچز میں ڈبل سنچری شراکت بنانے والی جوڑی بن گئے، انھوں نے تیسرے ون ڈے میں ٹیم کو 229 رنز کی بنیاد فراہم کی تھی، تب دونوں نے سنچریاں اسکور کیں تاہم اس بار ڈیکویلا نے 116 جبکہ گوناتھلاکا نے 87 رنز بنائے۔ سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

 
Load Next Story