بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کرپشن کے الزام میں اشرفل پر بھی انگلیاں اٹھنے لگیں

سست بیٹنگ کی وجہ فکسنگ نہیں بلکہ ٹیم کو کمترین اسکور پرآئوٹ ہونے کی رسوائی سے بچانا تھا، سابق کپتان


Sports Desk February 06, 2013
من پسند نتائج حاصل کرنے کیلیے ریگولر کپتان مشرفی کو انجرڈ کہہ کر ڈراپ کیا گیا(ذرائع) مکمل فٹ ہوں، پیسر فوٹو : فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کرپشن کے الزام پر سابق کپتان محمد اشرفل پر بھی انگلیاں اٹھنے لگیں۔

انھوں نے بھی جان بوجھ کر سست بیٹنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ فکسنگ نہیں بلکہ ٹیم کو کمترین اسکور پر آئوٹ ہونے کی رسوائی سے بچانا تھا، مذکورہ میچ میں من پسند نتائج حاصل کرنے کیلیے ریگولر کپتان مشرفی بن مرتضیٰ کو انجرڈ کہہ کر ڈراپ کیا گیا، انھوں نے بعد میں بھانڈا پھوڑتے ہوئے کہا کہ وہ تو مکمل فٹ ہیں،آخری لمحات میں کوچ نے ڈراپ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں ڈھاکا گلیڈی ایٹر اور چٹاگانگ کنگز کے درمیان میچ پر شکوک ظاہر کیے جا رہے ہیں، چٹاگانگ کنگز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔

جواب میں ڈھاکا گلیڈی ایٹر نے ابتدائی 4 وکٹیں صرف 15 رنز پر گنوا دیں اور اس کے بعد سنبھل نہ سکی، محمد اشرفل نے 38 گیندوں پر48 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، مگر ٹیم 9 وکٹ پر محض 88 رنز بنا سکی جو ایونٹ کی تاریخ کا کمترین اسکور ہے، قائم مقام کپتان اشرفل کی حکمت عملی کو میڈیا نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شکوک کا بھی اظہار کیا، ان کی بیٹنگ سے ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ فتح کیلیے کھیل رہے ہوں، اس بارے میں اشرفل نے کہا کہ مشکل صورتحال سے ٹیم کو نکال کر میچ جتوانا میرے لیے مشکل ثابت ہوا، بیٹنگ لائن کی تباہی کے بعد میں نے فتح کی کوشش ترک کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور باعزت مقام تک پہنچانے کو ہی ہدف بنا لیا تھا،اگر میں ایسا نہ کرتا تو ٹیم 40 یا 50 رنز پر ہی آئوٹ ہو جاتی اور مجھے یقین ہے کہ کوئی اسے پسند نہ کرتا۔



یاد رہے کہ ڈھاکا کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے گذشتہ سیزن میں بھی بکیز کے رابطے کی رپورٹ کی تھی، اس بار بھی وہ ایسی کوئی ''غلطی'' نہ کر بیٹھیں، یہی سوچ کر مذکورہ میچ میں انھیں ڈراپ کر دیا گیا، بعد میں جب انھیں یہ پتا چلا کہ ان کی کمر میں تکلیف کاکہا گیا ہے تو وہ اس جھوٹ پر بلبلا اٹھے، مشرفی نے میڈیا سے بات چیت میں فوراً بھانڈہ پھوڑتے ہوئے کہا کہ میچ کے آغاز سے کچھ دیر قبل کوچ ای ین پونٹ نے مجھ سے کہا کہ تم یہ میچ نہیں کھیل رہے، اب یہ کہنا کہ میں انجرڈ تھا بالکل غلط ہے، درحقیقت میں مکمل فٹ ہوں۔

اس ضمن میں ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے مالک سلیم چوہدری نے کہا کہ صرف مشرفی کے بیان کی وجہ سے میچ کے نتیجے پر شکوک ظاہر کرنا درست نہیں، سب کو ان کی کارکردگی کا علم ہے، ان کی فٹنس اچھی نہیں ہے، ہمیں یقین نہیں کہ وہ ایونٹ کے بقیہ میچ کھیل سکیں گے، ہمارے کوچ نے فزیو کے مشورے پر انھیں ڈراپ کیا، ہم جلدی میں تھے اس لیے ٹیم مینجمنٹ کے لیے ممکن نہیں تھا کہ انھیں پہلے فیصلے سے آگاہ کیا جاتا۔

دریں اثنا ڈھاکا گلیڈی ایٹر نے مشرفی مرتضیٰ کو منا لیا اور ایک میٹنگ کے دوران گلے شکوے دور ہو گئے، رنگپور رائیڈرز کیخلاف منگل کے میچ میں انھوں نے قیادت کے فرائض بھی انجام دیے، میڈیا نے جب ٹیم کے مالک سلیم چوہدری سے یہ جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی کہ وہ تو کپتان کو پورے ایونٹ سے آئوٹ قرار دے رہے تھے اچانک مشرفی فٹ کیسے ہو گئے تو وہ کسی تبصرے کے لیے دستیاب نہ ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں