ایشین ٹیم اور 6 ریڈ سنوکر پاکستان کی شاندار کارکردگی روشن مستقبل کی امید

سجاد نے شکوہ کیا کہ کرکٹ کی طرح اسنوکر کھلاڑی بھی انعام کے مستحق ہیں


Zubair Nazeer Khan July 09, 2017
سجاد نے شکوہ کیا کہ کرکٹ کی طرح اسنوکر کھلاڑی بھی انعام کے مستحق ہیں۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے کرکٹ، ہاکی اور اسکواش کے سا تھ اسنوکر کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔

گزشتہ دنوں قوم اپنی ٹیم کی چیمپئنز کرکٹ ٹرافی میں شاندار فتح کا جشن منار ہی تھی، اب اسنوکر میں بھی کامیابیوں نے خوشیوں میں اضافہ کردیا ہے، کرغزستان کے شہر بشکیک میں اختتام پذیر ہونے والے سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ اور 5 ویں ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر4 میڈلز اپنے نام کیے، جن میں 1 گولڈ،1 سلور اور 2 برانز میڈل شامل تھے۔

محمد سجاد نے اے سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں ہانگ کانگ کے لی چون وائی کو کسی دقت کے بغیر 7-0 سے قابو کرکے اپنے ملک کو گولڈ میڈل دلوایا، سیمی فائنل میںمحمد سجاد سے مات کھانے والے ہم وطن محمد بلال اس ناکامی کے بعد برانز میڈل پانے میں کامیاب رہے جبکہ 5ویں ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میںمحمد بلال اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان کی نمبر2 سائیڈ بھارت کی نمبر1 ٹیم سے ہارنے کے بعد سلور میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی اور سیمی فائنل میں پاکستان 1 سے شکست کھاجانے والی پاکستان2 نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

یہ ٹیم محمدسجاد اور اسجد اقبال پر مشتمل تھی، پنجاب کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سابق ایشین چیمپئن و سابق عالمی نمبر2محمد سجاد نے اے سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ اپنے نام کرکے اپنی اہمیت تسلیم کرائی، انہوں نے 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے فائنل میں ہانگ کانگ کے لی چون وائی کو کسی مشکل کے بغیر 7-0 سے قابو کرکے اپنے ملک کو گولڈ میڈل دلوادیا۔

قبل ازیں سیمی فائنل میں محمد سجاد نے اپنے ہم وطن محمدبلال کو5-3 سے مات دی، بلال اس ناکامی کے بعد باوجود پاکستان کو برانز میڈل جتوانے میں کامیاب رہے،بلال نے کوارٹر فائنل میں بھارت کے16 مرتبہ کے عالمی چیمپئن پنکج ایڈوانی کو6-2 سے ٹھکانے لگا کر ماہرین کو ششدر کرکے رکھ دیا تھا، یہ امر دلچسپی کا باعث رہا کہ محمد سجاد نے ایونٹ میں شریک تیسرے پاکستانی کھلاڑی اور اپنے شاگرد خاص اسجد اقبال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں چوتھے پاکستانی کیوئسٹ بابر مسیح کو مات دی۔

بعدازاں پاکستانی کھلاڑیوں نے اے سی بی ایس کی5 ویں ایشین ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں بھی عمدہ کارکردگی پیش کی، سیمی فائنل میں پاکستان کی دونوں ٹیموں کا ٹکراؤ ہوا،محمد بلال اور بابر مسیح پر مشتمل پاکستان 2 نے حیرت انگیز طور پر محمد سجاد اور اسجداقبال پر مشتمل پاکستان1کو3-0 سے شکست دے ٹائٹل پر نظریں مرکوز کیں لیکن وہ پنکج ایڈوانی اور لکشمن روات پر مشتمل بھارت کی نمبر1 ٹیم سے 0-3 سے ناکام رہی، اس طرح پاکستان کو اس ایونٹ میں ایک سلور اور ایک برانز میڈل مل گیا۔

وطن آمد پر کراچی میں پرتپاک استقبال پر ان کھلاڑیوں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں تھے، اے سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فاتح و سابق عالمی نمبر 2 محمد سجاد کا کہنا ہے کہ وہ اس کامیابی سے بہت خوش ہیں، ایک عرصہ سے وہ آؤٹ آف فارم ہونے کے باعث کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے تھے، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ان کی کھوئی ہوئی فارم واپس آئی اور وہ اچھا کھیل پیش کرکے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کامیاب رہے ، انہوں نے کہا کہ دونوں بڑے انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان نے بہترین کھیل پیش کیا اور اچھے نتائج پیش کیے، یہ مستقبل کے لیے نیک شگون ہے، اب ہماری نظریں اگست میں مصر میں شیڈول عالمی 6 ریڈ اینڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ پر ہیں، اللہ نے چاہا تو ہم اس ایونٹ میں بھی سرخرو ہوں گے۔

سجاد نے شکوہ کیا کہ کرکٹ کی طرح اسنوکر کھلاڑی بھی انعام کے مستحق ہیں،ہم عالمی سطح پر اپنے ملک کے لیے کارنامے انجام دے رہے ہیں، اب یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ بھی ہمیں کرکٹرز کی طرح نوازے یا نظر انداز کر دے۔ سجاد نے کہا کہ پی ایس بی کی جانب سے قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت اعلان کی جانے والی رقم کی ادائیگی ایک خواب بن گئی، تھوڑے بہت جو بھی پیسے ملے اس پر قناعت کر رہے ہیں، نصیب میں ہوا تو انعام بھی ملے گا، ان تمام تر حالات کے باجود ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان کے لیے فتوحات حاصل کرتے رہیں اور ٹائٹل ملک میں لاتے رہیں۔

قومی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے راقم الحروف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارے چاروں کھلاڑیوں نے توقعات سے بڑھ کر ان مقابلوں میں اچھا کھیل پیش کیا جس سے پاکستان کی سنوکر میں ساکھ مزید بڑھ گئی۔

عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں قومی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کا سبب بنیں گی اور پاکستان مستقبل میں عالمی 6 ریڈ سمیت دیگر انٹرنیشنل مقابلوں میں مزید اچھی کارکردگی پیش کرے گا، انہوں نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی کاوش کی بدولت ایونٹس کے لیے خصوصی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ پی ایس بی نے بھی خصوصی تعاون کیا، عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ ہم ملک بھر میں اسنوکر کی اکیڈمیز کا جال بچھانا چاہتے ہیں، تاکہ زیادہ سے کھلاڑیوں کو مواقع مل سکیں اور ہمیں نیا ٹیلنٹ دستیاب ہو، وہ دن دور نہیں جب پاکاستان ایک مرتبہ پھر اسنوکر کا عالمی چیمپئن بن جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں