سینٹرل جیل پر حملے کی دھمکیاںعقبی آبادی کے رہائشیوں کے کوائف کی دوبارہ تصدیق ہوگی

کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کو چھڑانے کیلیے ایک مرتبہ پھر حملے کی دھمکیوں کے انکشاف پرنفری بھی بڑھادی گئی.


Raheel Salman February 06, 2013
دھماکا خیز مواد سے بھرا ٹرک ٹکرایا جاسکتا ہے، حکام نے نامکمل فلائی اوور کو ہائی رسک قرار دیدیا، واچ ٹاورز پرجوان تعینات۔ فوٹو فائل

سینٹرل جیل پر ایک مرتبہ پھر کالعدم تنظیموں کی جانب سے حملے کی دھمکی کے بعد سیکیورٹی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں جبکہ عقبی آبادی خصوصاً بغیر فیملی کے رہائش پذیر افراد کے کوائف کی دوبارہ تصدیق کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔

جیل کے مرکزی دروازے اور اطراف میں پولیس ، رینجرز اور ایف سی کی نفری بڑھادی گئی ہے جبکہ جیل میں ہر آنے اور جانے والے کی مکمل تلاشی لی جارہی ہے ، جیل کو دو اطراف سے نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں ،اطلاع ہے کہ 50 سے 60 کلو دھماکا خیز مواد سے بھرا ٹرک جیل کی عقبی دیوار سے ٹکرایا جائے گا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی توجہ بانٹنے کے لیے فلائی اوور سے بھی حملہ کیا جائے گا ، حکام نے نامکمل فلائی اوور کو ہائی رسک قرار دیا ہے ، تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل میں قید کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کو چھڑانے کیلیے ایک مرتبہ پھر حملے کی دھمکیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سینٹرل جیل کی عقبی دیوار سے50 سے 60 کلو دھماکا خیز مواد سے بھرا ٹرک ٹکرایا جائے گا اور جیل کے اندر داخل ہوتے ہوئے بیرکس تک پہنچنے کا راستہ بنایا جائے گا جبکہ اسی دوران جیل حکام کی توجہ بانٹنے کے لیے جیل چورنگی فلائی اوور سے دہشت گرد فائرنگ کا سلسلہ شروع کریں گے اور اس جانب سے بھی جیل میں داخل ہونے کی کوشش کی جائیگی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل میں مختلف کالعدم تنظیموں کے کارکنان قید ہیں جنھیں چھڑانے کے لیے ایسی کارروائی کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے ، مذکورہ دھمکیوں کے بعد جیل حکام نے جیل کی سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کردیے ہیں ، جیل کے مرکزی دروازے پر نفری بڑھادی جبکہ رینجرز اور ایف سی کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔



ہر آنے والے شخص کی مکمل تلاشی لی جارہی ہے جبکہ آنے والے جیل ملازمین کے کارڈ بھی چیک کیے جارہے ہیں، قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد کے سامان کو بھی چیکنگ کے مرحلے سے گزارا جاتا ہے ، ذرائع نے مزید بتایا کہ عقبی آبادی میں انٹیلی جنس افسران کے ذریعے رہائشی افراد خصوصاً ایسے افراد جو کہ روزگار کی غرض سے ملک کے مختلف شہروں سے کراچی آئے ہوئے ہیں اور بغیر فیملی کے رہائش پذیر ہیں ان کے کوائف کی دوبارہ تصدیق کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سادہ لباس اہلکاروں کی بھی بڑی تعداد تعینات کردی گئی ہے ، جیل کے عقبی حصے کی نگرانی بھی مزید بڑھادی جبکہ جیل کے تمام واچ ٹاورز پر بھی چاق و چوبند پولیس جوان تعینات کردیے ، جیل کے عقب میں واقع پی آئی بی کالونی کی جیل کے اطراف کی گلیوں میں بھی سادہ لباس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس افسران بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور تمام سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں