کیپ ٹائون میں ایک اور مشکل وکٹ پاکستان کی منتظر

گذشتہ ماہ نیولینڈز پر آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے صرف 45 رنز پر ہتھیار ڈالے۔


Sports Desk February 06, 2013
اگلے ٹیسٹ میں فائٹ بیک کرینگے، پچ سے ہمارے بولرز کو مدد ملے گی، مصباح الحق فوٹو : فائل

کیپ ٹائون میں ایک اور مشکل وکٹ پاکستانی ٹیم کی منتظر ہے۔

گذشتہ ماہ نیولینڈز میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پروٹیزکیخلاف نیوزی لینڈ نے صرف 45 رنز پر ہتھیار ڈال دیے تھے، البتہ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کیپ ٹائون کی وکٹ سے ہمارے بولرز کو زیادہ معاونت ملے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ڈیل اسٹین نے اپنے پہلے ہی اسپیل میں ہم سے میچ چھین لیا۔



وہی ٹرننگ پوائنٹ تھا، اس کے بعد دوسری باری میں بھی انھوں نے بہترین بولنگ کی، درست ایریاز میں بولنگ اور گیند کو سوئنگ کرنا ہی انھیں خاص بناتا ہے، اگر ہم پہلی اننگز میں بہتر اسکور کرنے میں کامیاب رہتے تو میچ میں موجود ہوتے، ہمیں اب بنیادی معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ٹیسٹ میچز میں وقت کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہمیں صرف وکٹ پر زیادہ قیام کرنا ہوگا اسی سے ہمارا حوصلہ بلند اور حریف بولرز کا کم ہوگا۔

مصباح الحق نے کہا کہ پوری ٹیم گذشتہ دو برس سے اچھی کارکردگی پیش کررہی ہے اور اگلے ٹیسٹ میں فائٹ بیک ضرور کریگی، ہر کسی نے اس میچ سے سبق سیکھا اور اب زیادہ اعتماد کیساتھ پروٹیز اٹیک کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیپ ٹائون کی وکٹ میں زیادہ ٹرن کی امید ہے جس سے ہمارے اٹیک کو مدد مل سکتی ہے، ہم نے جوہانسبرگ میں بھی اچھی بولنگ کی، مگر ورلڈ کلاس لائن اپ کے سامنے زیادہ بہتر ہونا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں