قائداعظم ٹرافی کرکٹ سپر ایٹ مرحلہ آج شروع ہوگا

لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان ٹیمیں شالیمار اور راوی مدمقابل۔


Sports Reporter February 06, 2013
لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان ٹیمیں شالیمار اور راوی مدمقابل۔ فوٹو : فائل

قائداعظم ٹرافی کا سپر ایٹ مرحلہ بدھ سے شروع ہو رہا ہے۔

لیگ کی بنیاد پر ہونے والے اس4روزہ حتمی رائونڈ کے پہلے میچ میں لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میزبان ٹیمیں شالیمار اور راوی مقابل ہوں گی، پنڈی کلب اسٹیڈیم پر میزبان ٹیم وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے خلاف صف آرا ہوگی، سپر ایٹ کے دیگر 2 میچز جمعرات کو شروع ہوں گے، گروپ اے میں آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں کراچی بلوز کے مد مقابل حیدرآباد کی ٹیم ہوگی۔



اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ میں کراچی وائٹس کا مقابلہ سیالکوٹ سے ہونا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے کے ساتھ ہی ابتدائی7 رائونڈز کے بعد دونوں گروپس میں آخری 3 پوزیشنز کی حامل 6ٹیموں کے مابین لیگ کا بھی آغاز ہوگا،گروپ ون سے ایبٹ آباد،ملتان اور فیصل آباد اور ٹو سے کوئٹہ، پشاور اور بہاولپور کی ٹیمیں شامل ہیں،پول اے میں بدھ کوصوابی کے گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد اور ملتان کا مقابلہ ہوگا، پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں کوئٹہ کی ٹیم پشاور کی میزبانی کا لطف اٹھائے گی۔

ٹرافی میں 7 رائونڈز کے اختتام پرکراچی بلوز گروپ ون میں 36 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی،اسلام آبادنے 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی،لاہور راوی اور سیالکوٹ نے 12،12 پوائنٹس کے ساتھ حتمی مرحلے کیلیے کوالیفائی کیا تھا،گروپ ٹو میں لاہور شالیمار اور راولپنڈی30،30 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہے، سپر ایٹ میں پہنچنے والی دیگر دونوں ٹیموںکراچی وائٹس اور حیدر آباد نے بالترتیب24 اور 18 پوائنٹس حاصل کئے تھے، فائنل 24 سے28 فروری تک کھیلاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں