رنبیر والد رشی کپور کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پریشان

شکر ہےمیرے بچپن میں ٹوئیٹر نہیں تھا ورنہ پاپا نہ جانے کیا کیا لکھ دیتے، رنبیر کپور


ویب ڈیسک July 09, 2017
بچپن میں اپنے والد سے بہت ڈرتا تھا، رنبیر کپور۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور بھی اپنے والد کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کیے جانے والے متنازع تبصروں سے پریشان ہیں اور کہتے ہیں کہ شکر ہے جب وہ چھوٹے تھے تب ٹوئیٹر موجود نہیں تھا ورنہ ان کے پاپا ان کے بارے میں نہ جانے کیا کیا ٹوئیٹ کر دیتے۔

خیال رہے کہ رنبیر کپور کے والد رشی کپور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر کافی متحرک رہتے ہیں اور مختلف موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ انگلینڈ میں گزشتہ ماہ ہونے والی کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی کے دوران بھی وہ کافی سرگرم نظر آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی تھی جس کے بعد انہیں کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا جبکہ رنبیر کپور نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ والد صاحب رات ساڑھے 10 بجے کے بعد اپنے ہوش میں نہیں رہتے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مخالف ٹویٹ کرنے والے رشی کپور کی بیٹے رنبیر نے اصلیت بتا دی

اب رنبیر کپور نے پھر اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان کے بچپن میں ٹوئیٹر ہوتا تو ان کے والد نہ جانے ان کے حوالے سے کیا کیا ٹوئیٹ کردیتے۔ رنبیر کپور نے ان خیالات کا اظہار اپنی آنے والی فلم ''جگا جاسوس'' کی تشہیر کے لیے منعقد کی گئی ایک تقریب میں کیا۔ رنبیر اس فلم میں اسکول کے طالب علم کا کردار کرتے نظر آرہے ہیں لہٰذا ایونٹ کے دوران انہوں نے اپنے اسکول کے دنوں کو بھی یاد کیا۔

رنبیر کپور نے کہا کہ جب وہ اسکول میں تھے تو ان کی والدہ نیتو کپور ہمیشہ انہیں یہ کہہ کر ڈراتی تھیں کہ اگر امتحان میں اچھے نمبرز نہیں آئے تو وہ پاپا سے شکایت لگا دیں گی۔ رنبیر کے مطابق وہ اپنے پاپا یعنی رشی کپور سے بہت ڈرتے تھے اور اپنی والدہ سے کہتے تھے کہ وہ اگلی بار امتحان میں اچھے نمبروں سے پاس ہوں گے لہٰذا پاپا سے شکایت نہ لگائی جائے۔

رنبیر کپور نے یہ بھی کہا کہ شکر ہے اس دور میں ٹوئیٹر نہیں تھا ورنہ پاپا نہ جانے میرے اسکول رزلٹس کے حوالے سے کیا کیا ٹوئیٹس کردیتے۔ رنبیر نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ وہ اپنے خاندان کے سب سے زیادہ تعلیم یافتہ فرد ہیں، والد رشی کپور 8 ویں جماعت، چچا 9 ویں جماعت اور دادا چھٹی جماعت میں فیل ہو گئے تھے جبکہ انہوں نے دسویں جماعت میں 56 فیصد مارکس حاصل کیے تھے۔

یاد رہے کہ انوراگ باسو کی ہدایات میں بننے والی فلم جگا جاسوس 14 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں رنبیر کپور کی ہیروئن کا کردار کترینا کیف ادا کررہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |