ملک کا کوئی اسٹیڈیم ڈاکٹر شاہ سے منسوب کرنے کا مطالبہ

خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی (کھیلوں سے وابستہ شخصیات) کل اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں نماز جنازہ کی ادائیگی۔


Sports Reporter February 06, 2013
خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی (کھیلوں سے وابستہ شخصیات) کل اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں نماز جنازہ کی ادائیگی۔ فوٹو: فائل

ممتاز معالج، سابق صوبائی وزیرکھیل اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر ڈاکٹرمحمد علی شاہ کا جسد خاکی پاکستان روانہ کردیا گیا۔

خون کے کینسر میں مبتلا67 سالہ ڈاکٹر محمدعلی شاہ امریکا کے شہر ہیوسٹن کے ایم ڈی اینڈرسن اسپتال میں کیموگرافی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے پیر کوانتقال کرگئے تھے، مرحوم کی میت غیر ملکی پرواز کے ذریعے دبئی کے راستے جمعرات کی صبح کراچی پہنچے گی،اسی روز انکے والد کے نام سے منسوب اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں بعد ظہر نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد پاپوش نگر قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائے گا، مرحوم کے دونوں صاحبزادے ڈاکٹر جنید علی شاہ اور ڈاکٹر عمران علی شاہ میت لے کر کراچی پہنچیں گے، دریں اثنا کھیلوں کی شخصیات نے ملک کا کوئی اسٹیڈیم ڈاکٹر شاہ سے منسوب کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کو ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلیے آنیوالوں کا تانتا بندھا رہا، ان میں وفاقی مشیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین،سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین ،ممتاز سماجی کارکن انصار برنی سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات،سیاسی، سماجی و مذہبی رہنما،تاجر، ڈاکٹرز، شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد، سرکاری ملازمین وحکام اور دیگر شامل تھے،اس موقع پر قرآن خوانی کا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔



ڈاکٹر محمد علی شاہ کی90 سالہ والدہ کو ان کی صحت اورضعیف العمری کی وجہ سے رحلت کی خبر نہیں سنائی گئی،دریں اثناء ملک بھر سے کھیلوں سے وابستہ ممتاز شخصیات نے ڈاکٹر محمد علی شاہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے،چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، خالد محمود، اظہر زیدی، میاں اسلم، اعجاز شاہ، سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج خان درانی ،وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، راشد حسین ربانی، کے سی سی اے کے صدر پروفیسر سراج الاسلام بخاری، سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی، سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین، حسن سردار،سمیع اللہ خان،حنیف خان، اولمپئن افتخار سید، اولمپئن سمیر حسین،سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری، راشد لطیٖف، صلاح الدین صلو، معین خان،صادق محمد، محسن حسن خان،جلال الدین، توصیف احمد سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم ہاشمی،سیکریٹری احمد علی راجپوت، پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے صدررمضان چنا،نسیم حسن ،پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل مدثر آرائیں۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر زاہد رضوی،سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاویدحنیف خان، صدرجہانگیرمغل ، نائب صدر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، سیکریٹری جنرل آصف عظیم، پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری محمد اکرم خان، خازن علی اکبر شاہ اور کراچی کرکٹ امپائرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری و ٹیسٹ امپائر ریاض الدین سمیت دیگر شخصیات نے مرحوم کی رحلت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔

انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرمحمدعلی شاہ کے انتقال سے نہ صرف سندھ بلکہ پورا ملک کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرنے والی عظیم شخصیت سے محروم ہوگیا، ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا جو مدتوں پُر نہ ہوسکے گا۔ سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان سمیت کھیلوں کی کئی اہم شخصیات نے ملک کا کوئی اسٹیڈیم ڈاکٹر شاہ سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے،ان کے مطابق مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔