رونالڈینو سیون نے دوسرے میچ میں بھی گگز سیون کو ہرا دیا

فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گولز پاکستانی کھلاڑیوں نے کیے


Sports Desk July 09, 2017
رونالڈینو کی ٹیم نے دو میچز میں کامیابی حاصل کرکے لیژر لیگ جیت لی — فوٹو: سوشل میڈیا

رونالڈینو سیون نے گگز سیون کو دوسرے نمائشی میچ میں بھی 0-2 سے شکست دے کر لیژر فٹبال لیگ جیت لی، فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گولز پاکستانی کھلاڑیوں ریاض اور حسن بشیر نے کیے۔

فٹبال کے عالمی ستاروں کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم کے روٹ پر پاک فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوٹل تک تمام راستوں پر جیمرز نصب تھے، رینجرز، پولیس اور ڈولفن فورس کے جوان مال روڈ پرمسلسل گشت کرتے رہے۔ میچ کے موقع پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے جب کہ شائقین فٹبال کو گراؤنڈ تک لے جانے کے لیے خصوصی شٹل سروس چلائی گئی۔ فورٹریس گراؤنڈ کے اطراف پاک فوج کے اہلکار تعینات رہے اور شرکاء کو جامہ تلاشی کے بعد گراؤنڈ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نمائشی فٹبال میچ میں رونالڈینو سیون نے گگز سیون کو شکست دیدی



فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں رونالڈینو نے گول کرنے کا ایک آسان موقع گنوایا جبکہ ڈیوڈ جیمز نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شوٹ روک لی۔ دوسرے کوارٹر میں لوئس بوا مورٹے کے پاس کی بدولت ریاض نے بہترین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی سبقت دلا دی۔ تیسرے کوارٹر میں رونالڈینو کے پاس کی بدولت حسن بشیر نے ایک گول اور کرکے ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔

نمائشی میچ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالرز میں محمد رسول، محمد عیسیٰ، عزیز رازق، محمد عادل، عدنان، محمد علی، احمد، یوسف بٹ، صدام حسین، کلیم اللہ، سعد اللہ، حسن بشیر، محمد ریاض اور کامران شامل تھے۔ قبل ازیں کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بھی رونالڈینو کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔واضح رہے برازیل کے رونالڈینو سمیت 7 انٹرنیشنل فٹبالرز کراچی اور لاہور کے علاوہ اسلام آباد میں بھی نمائشی میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، کھلاڑیوں میں برازیل سے تعلق رکھنے والے گوئچورونالڈینو، رابرٹ پائرز، برطانیہ کے ریان گگز، ڈیوڈ جیمز، فرانس کے نیکولس انیلا، ہالینڈ کے جارج بوٹنگ اور پرتگال کے لوئس بوامورٹ شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔