معین کے اسپن جال نے پروٹیز کو بے حال کردیا

331 کا ہدف پانے والی جنوبی افریقی ٹیم 119 پر ڈھیر ہوگئی، انگلش اسپنر کے6 شکار


Sports Desk July 10, 2017
میزبان ٹیم دوسری باری میں 233رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، الیسٹرکک اور جونی بیئراسٹو نے نصف سنچریاں بنائیں۔ فوٹو: اے ایف پی

معین علی کے اسپن جال نے پروٹیز کو بے حال کردیا، چوتھے روز ہی مہمان بیٹنگ لائن کو کھنڈر بناکر انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ 211 رنز سے جیت لیا۔

انگلینڈ نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے ہی روز جنوبی افریقہ کو 211 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ اتوار کو فتح کیلیے 331 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی جنوبی افریقی ٹیم پر آغاز میں ہی لرزہ طاری ہوگیا جب اس کے ٹاپ 4 بیٹسمین صرف 28 رنز تک میدان بدر ہوچکے تھے، 1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جنوبی افریقہ کے ٹاپ 4 کھلاڑی 25 سے کم رنز کے دوران آؤٹ ہوئے۔

پروٹیز بیٹنگ لائن کی تباہی کا آغازساتویں اوور کی آخری گیند سے ہواجب جیمز اینڈرسن کی گیند اوپنر ہینو کوہن کے بیٹ کو بوسہ دیتی ہوئی وکٹ کیپر بیئر اسٹو کے گلوز میں چلی گئی، انھوں نے 9رنز بنائے، دوسرے اوپنر اور قائم مقام کپتان ڈین ایلجر نے 2 رنز بناکر معین علی کی گیند واپس ان کے ہاتھوں میں تھما دی، پال ڈومنی نے بھی 2 ہی رنز بنائے، انھوں نے مارک ووڈ کی شارٹ بال کو مڈ وکٹ کی جانب کھیلا جہاں پر موجود معین نے انتہائی مہارت سے اسے دبوچ لیا۔

نازک صورتحال میں جنوبی افریقہ کی امیدیں اپنے قابل اعتماد بیٹسمین ہاشم آملا سے جڑ گئیں، انھوں نے سنبھل کر کھیلنے کی کوشش تو بہت کی مگر کامیاب نہیں ہوسکے، 11 کے انفرادی اسکور پر ڈاسن نے انھیں ایل بی ڈبلیو کردیا، آملا نے رخصت ہونے سے قبل ریویو بھی ضائع کردیا۔

اب کوئنٹین ڈی کک نے ٹیمبا باووما کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی مگر زیادہ دیر تک خود کو معین علی کے تابڑ توڑ حملوں سے محفوظ نہیں رکھ پائے اور 18 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اگلے اوور میں معین نے باووما کو بھی ان کے پیچھے رخصت کردیا، انھوں نے 21 رنز بنائے، تھیونس ڈی برین 1 رن کو ہی کافی سمجھتے ہوئے معین علی کی گیند کو سلپ میں موجود بین اسٹوکس کے ہاتھوں میں تھما کر رخصت ہوگئے۔

کیشو مہاراج (10) اور کاگیسوربادا (4) کو بھی معین علی نے واپسی کا پروانہ جاری کیا، آخر میں مورن مورکل نے 2 چھکے جڑ کر ماحول کو گرمانے کی کوشش کی مگر ڈاسن نے انھیں جیننگز کی مدد سے قابو کرکے ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کردیا، پوری جنوبی افریقی ٹیم 36.4 اوورز میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں ہاتھ پر چوٹ کھانے کے باوجود ففٹی بنانے والے ورنون فلینڈر اس بار 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

مین آف دی میچ قرار پانے والے معین علی نے دوسری اننگز میں 6 جبکہ مجموعی طور پر میچ میں 10 وکٹیں لیں۔ دوسری باری میں ڈاسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے انگلینڈ نے دوسری اننگز کے اسکور 119 رنز ایک وکٹ سے دن کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 233 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کک نے 69 اور بیئر اسٹو نے 51 رنز بنائے، کیشو مہاراج نے 4 جبکہ مورکل اور ربادا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں