بھارت کا سرتاج عزیز کے خط کے بغیر بیمار پاکستانیوں کو ویزا دینے سے انکار

پاکستان نے بھی کلبھوشن کی والدہ کو ویزا نہیں دیا، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج


ویب ڈیسک July 10, 2017
بیمار پاکستانی میڈیکل ویزے کے لیے پہلے اپنے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے سفارشی خط لکھوا کر ساتھ لائیں، سشما سوراج. فوٹو: فائل

بھارت نے بیمار پاکستانیوں کو ویزا نہ دینے کے لیے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے سفارشی خط کا بہانہ بنادیا۔

بھارت نے کہا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا سفارشی خط منسلک ہونے پر ہی بیمار پاکستانیوں کو میڈیکل ویزا ملے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ''مجھے ان پاکستانیوں سے ہمدردی ہے جنہیں بھارت میں علاج کے لیے ویزا چاہیے اور یقین ہے کہ سرتاج عزیز کو بھی اپنے شہریوں کی اتنی ہی فکر ہوگی، لیکن درحقیقت پاکستانیوں کو ویزا جاری کرنے کے لیے سرتاج عزیز کا سفارشی خط ساتھ ہونا ضروری ہے اور مجھے سرتاج عزیز کی جانب سے اپنے ہی شہریوں کے لیے یہ خط نہ لکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی''۔





اس موقع پر سشما سوراج نے سزائے موت یافتہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کا رونا بھی روتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان سے کلبھوشن کی ماں کو ویزا جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس کا جواب نہیں ملا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے آونتیکا جادھو کی ویزا درخواست کو منظور نہیں کیا جو اپنے بیٹے سے ملنا چاہتی ہے، میں نے آونتیکا جادھو کو ویزا جاری کرنے کے لیے سرتاج عزیز کو ذاتی طور پر خط لکھا تھا جس کا انہوں نے کوئی جواب تک دینے کی زحمت گوارا نہ کی، تاہم میں پاکستانیوں کو یقین دلاتی ہوں کہ جو بھی سرتاج عزیز کا سفارشی خط ساتھ لائے گا اسے فی الفور میڈیکل ویزا جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے منہ کے کینسر میں مبتلا لاہور کی رہائشی فائزہ نامی خاتون کو ویزا جاری نہیں کیا جس پر اسے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں