آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس داخلی سلامتی کی صورتحال پر غور

پاک فوج پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت قومی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گی، اجلاس میں فیصلہ

کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کا بھی جائزہ لیا گیا، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی داخلی سلامتی، مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر غور کیا گیا۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی جس میں جغرافیائی و تذویراتی سیکیورٹی ماحول کا جائزہ لیا گیا جبکہ مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے پاکستان پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا عزم دہرایا گیا کہ پاک فوج پاکستان کے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں کی جانے والی مثبت قومی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گی۔ کانفرنس کے دوران ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد، افغانستان کے ساتھ بہتر بارڈر مینجمنٹ کے لیے ملٹری ٹو ملٹری روابط، ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور دیگر امور زیر غور آئے۔ کور کمانڈر کانفرنس میں سیلاب کی صورت میں ضرورت پڑنے پر فلڈ ریلیف آپریشن اور فوجی اہلکاروں کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story