نگراں صوبائی حکومتوں کے قیام کیلیے پی پی نے4 کمیٹیاں بنادیں

25فروری تک نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کرلی جائے، اعلیٰ قیادت کی کمیٹیوں کو ہدایت


Staff Reporter February 06, 2013
25فروری تک نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کرلی جائے، اعلیٰ قیادت کی کمیٹیوں کو ہدایت فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے چاروں صوبوں میں نگراں حکومتوں کے قیام کے لیے چارکمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ۔

یہ کمیٹیاں صوبائی سطح پرموجود سیاسی ومذہبی جماعتوں سے رابطے کریں گی۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے وفاق میں نگراں حکومت کے قیام کے لیے رابطوں کے بعد چاروں صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کی تشکیل کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے تیزکرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے چارکمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔سندھ کی کمیٹی کے سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،پنجاب کی کمیٹی کے سربراہ منظوروٹو،خیبرپختونخوا کی کمیٹی کے سربراہ انورسیف اللہ اور بلوچستان کی کمیٹی کے سربراہ صادق عمرانی ہوں گے ۔

2

ان کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کے صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمانی لیڈرز، پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹریز اور2-2ارکان صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ،پنجاب اورخیبرپخونخوا کی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پرسیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے شروع کردیں ۔تاہم بلوچستان کی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کے فیصلہ کا انتظار کریں ۔

گورنر راج کے اختتام کے بعد مذکورہ کمیٹی نگراں حکومت سیٹ اپ کے حوالے سے مشاورت کرے گی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25فروری تک نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے مشاورت کو مکمل کرلیں،جس کے بعد پارٹی کی اعلیٰ قیادت صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے مرکزی سطح پراتحادی،اپوزیشن اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مذاکرات کرے گی ۔ذرائع نے بتایا کہ صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے تمام فیصلے 9مارچ تک مکمل کرلیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں