نوازشریف نے اپنی فنڈنگ کا آج تک حساب نہیں دیا جاویدہاشمی

انڈومنٹ فنڈ کی تفصیل ویب سائٹ پر دی ہے،چیف ایگزیکٹو شوکت خانم کی کل تک میں گفتگو

انڈومنٹ فنڈ کی تفصیل ویب سائٹ پر دی ہے،چیف ایگزیکٹو شوکت خانم کی کل تک میں گفتگو ۔ فوٹو ایکسپریس

تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کو سعودی عرب سمیت کئی ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی فنڈنگ کرتے تھے، اس کے علاوہ ن لیگ جن لوگوں کو ٹکٹیں دیتی تھی وہ کروڑوں روپے بطور گارنٹی دیا کرتے تھے، نوازشریف نے تو ان پیسوں کا آج تک کسی کو حساب نہیں دیا اور نہ کسی نے مانگا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چودھری سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ جب میں مسلم لیگ ن میں تھا تو میں نے نوازشریف سے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب جانے پر قوم سے معافی مانگیں، میں نے ن لیگ میں رہتے ہوئے نوازشریف سے اختلاف اور ہمیشہ اپنے موقف کا اظہار کیا تھا، کبھی دل میں نہیں رکھا اور آج میں اگر تحریک انصاف میں ہوں تو عمران خان کو بھی جوابدہ ہونا ہوگا، ورنہ میں اس کو لیڈر تسلیم نہیں کروں گا۔ میں یقین سے کہتا ہوں کہ عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈ پر کوئی گڑبڑ نہیں کی ۔


وہ کل بھی پارٹی کے سولہ سترہ سنیئر ممبروں کے سامنے7گھنٹے تک ان کے مختلف سوالات کا جواب دیتارہا۔ انڈومنٹ فنڈ ایک ایسا فنڈ ہوتا ہے جو کسی ادارے کی اونچ نیچ میں استعمال کیلئے ہوتا ہے اور دنیا کے تمام بڑے اداروں نے یہ فنڈ بنایا ہوتا ہے اور اس ادارے میں اندرون وبیرون ملک کے لوگ عطیہ کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے رہنما پرویزرشید نے کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی ہماری پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور جب تک یہ ہماری پارٹی میں رہے انہوں نے نوازشریف کے بارے میں اچھی ہی باتیں کیں لیکن اس وقت جو کہہ رہے ہیں وہ کبھی نہیں کہیں، میں تو ان کی سب باتوں کو سیاسی معاملہ ہی سمجھ رہا ہوں ۔

عمران خان کے بارے میں ہم نے جو بات کی ہے وہ باقاعدہ طور پر ثبوت کے ساتھ کی ہے اور عمران خان نے عوام کے صدقے فطرانے کی رقم کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ شوکت خانم ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ دنیا کے سبھی اداروں نے اپنے اچھے برے دنوں کے ایک فنڈ وقف کیا ہوتا ہے جس کو انڈومنٹ فنڈ کہاجاتا ہے اور ہم نے اپنے انڈومنٹ فنڈ کی پچھلے کئی سال کی تفصیلات ویب سائٹ پر دی ہوئی ہیں ۔یہ فنڈ ہم نے آج یا کل نہیں بنایا انڈومنٹ فنڈ میں صدقے یا خیرات کا پیسہ نہیں ہوتا، یہ عطیہ کیا گیا ہوتا ہے۔

شوکت خانم کا30 فی صد پیسہ امریکا اور لندن سے ڈونیٹ کیا جاتا ہے ۔ امتیاز حیدری10 سال تک بورڈ آف گورنر کے ممبر رہے ان کی انٹرنیشنل کمپنی میں بورڈ نے فیصلہ کیا کہ سرمایہ کاری کی جائے اور سرمایہ کاری کرنے کے بعد 2008 سے2012 تک 145 ملین روپے منافع کی شکل میں شوکت خانم کو ملے ۔ اس ڈیل میں مرکزی رقم کی گارنٹی ہوتی ہے لیکن نفع نقصان میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے ۔
Load Next Story