نوازشریف کے نااہل ہونے میں کوئی شک نہیں رہا شیخ رشید احمد

مسلم لیگ (ن) کے 44 ارکانِ اسمبلی الگ گروپ بنانے کیلئے تیار ہیں، سربراہ عوامی مسلم لیگ

(ن) لیگ کے 44 ارکان قومی اسمبلی الگ گروپ بنانے کو تیار ہیں، سربراہ عوامی مسلم لیگ۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کے نااہل ہونے میں کوئی شک نہیں رہا جب کہ مسلم لیگ(ن) کے 44 ارکان قومی اسمبلی الگ گروپ بنانے کو تیار بیٹھے ہیں۔

راولپنڈی پریس کلب میں میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا عدلیہ اور فوج سے لڑائی ہے، اب ان کے نااہل ہونے میں کوئی شک نہیں رہا مگر خدا نہ کرے جو سزا بھٹو کو ہوئی وہ ان کو ہو۔


سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ (ن ) لیگ کے 188 میں سے59 ایم این اے مشرف کے ساتھ بھی تھے اور اس وقت بھی 44 ایم این اے الگ گروپ بنانے کیلئے تیار ہیں، نواز شریف آج فوج ، عوام، بیورو کریسی میں اپنی مقبولیت کی آخری سطح پر ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں کیس زیادہ سے زیادہ 26 دن چلے گا، نواز شریف جمہوریت کو لپیٹنا چاہتے ہیں، لیکن اگر کسی نے عدلیہ کو آںکھیں دکھائیں تو پاکستان کی بقا اور جمہوریت کیلئے اٹھ کھڑے ہوں گے، یہ لوگ جے آئی ٹی کے سامنے بکری تھے باہر آکر شیر بن جاتے تھے، پورا یقین ہے کہ نواز شریف اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے، ساری جماعتیں مل کر گو نواز گو کی کال دیں،

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم استعفا دے دیں، شریف خاندان صرف نوازشریف کی وجہ سے ذلیل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جتنے کام ہو رہے ہیں ان کا انٹرسٹ ریٹ دنیا میں سب سے زیادہ ہے، پیر کو عدالت سے نواز شریف کو جرح کے لیے بلانے کی استدعا کروں گا۔
Load Next Story