نیٹومعاہدے سے ڈرون وخودکش حملوں میں اضافہ ہوا دفاع پاکستان کونسل

مہلک ہتھیار لیجانے کی اجازت نہ دینے کی باتیں قوم کودھوکا دینے کے...


Numaindgan Express August 02, 2012
مہلک ہتھیار لیجانے کی اجازت نہ دینے کی باتیں قوم کودھوکا دینے کے مترادف ہے۔ فائل فوٹو

لاہور: دفاع پاکستان کونسل نے پاکستان اور امریکا میں 2015ء تک کیے گئے نیٹوسپلائی معاہدے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے اسے ملکی سلامتی و خودمختاری کے لیے انتہائی خطرناک قراردیا ہے اور کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحالی کے سلسلے میں کیے جانے والے حالیہ معاہدے سے ملک میں امریکی مداخلت بڑھے گی اور ڈرون و خودکش حملوں میں اور زیادہ اضافہ ہوگا۔

مہلک ہتھیارلے جانے کی اجازت نہ دینے کی باتیں قوم کو دھوکا دینے کے مترادف ہیں، دفاع پاکستان کونسل ہرسطح پراس فیصلے کی بھرپور مزاحمت کرے گی اورنیٹو سپلائی بحالی کے خلاف تحریک کومزید مضبوط اور موثر بنایا جائے گا، غیور پاکستانی قوم امریکی ایجنڈے پرعمل پیرا حکمرانوں کے ملک دشمنی پر مبنی معاہدات کسی صورت تسلیم کرنے کو تیارنہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہارکونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، جنرل (ر)حمیدگل، مولانا محمد احمد لدھیانوی، شیخ رشید احمد ،اعجاز الحق، مولانا فضل الرحمٰن خلیل ،حافظ عبدالرحمٰن مکی،لیاقت بلوچ، علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی ، مولانا امیر حمزہ ،طاہر محمود اشرفی، قاری محمد یعقوب شیخ و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ دریں اثنامولانا سمیع الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر دستخط امریکی غلامی اور پاکستان کے ڈیتھ وارنٹ پردستخط ہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد عالم اسلام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اب لامتناہی سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ دفاع پاکستان کی تحریک رُکی نہیں، رمضان المبارک کے بعد تحریک پورے زور سے شروع کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں