جنوبی افریقا کے فاسٹ بولرسوٹسوبے پر 8 سال کی پابندی

لونوابو سوٹسوبے نے میچ فکسنگ سمیت 10 الزام قبول کیے، چیرمین اینٹی کرپشن یونٹ

لونوابو سوٹسوبے نے میچ فکسنگ سمیت 10 الزام قبول کیے، چیرمین اینٹی کرپشن یونٹ - فوٹو: فائل

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر فکسنگ کے الزام میں 8 سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ایک روزہ کرکٹ کی بولنگ فہرست میں نمبر ون رہنے والے جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر 8 سال کی پابندی عائد کردی گئی، ان پر 2015 کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں فکسنگ کرنے کا الزام تھا جب کہ سوٹسوبے سے قبل اسی کرپشن کیس میں 6 کھلاڑی سزا پاچکے ہیں۔


جنوبی افریقا کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت سزا پانے والے کھلاڑیوں میں غلام بودی، الوریو پیٹریسن، تھامی سولیکیلو، جین سائمز، پمیلیلا ماشیکوے اور ایتھی امبہالیتی شامل ہیں جو 2 سے 20 سال تک کی سزا پاچکے ہیں۔

اینٹی کرپشن یونٹ کے چیرمین نے کہا کہ فاسٹ بولر نے مجموعی طور پر 10 الزامات قبول کیے جن میں میچ فکس کرنا، بدعنوانی کے کام میں ملوث ہونے سے متعلق تفصیلات فراہم نہ کرنا، دوسرے شخص کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق آگاہ نہ کرنا، تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنا اور حقائق کو چھپا کر تحقیقات میں رکاؤٹ بننا شامل ہیں۔

واضح رہے جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے 2015 میں سابق فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے کو فکسنگ کے جرم میں معطل کردیا تھا۔
Load Next Story