شیل کمپنی کو معاوضے کی ادائیگی کیلیے آج کی ڈیڈ لائن

سانحہ احمد پورشرقیہ کی ذمے داری قبول نہیں کرتے، شیل پاکستان کا بیان

عدم ادائیگی پر یومیہ 10 لاکھ مزید جرمانہ اور لائسنس معطل ہو سکتا ہے، ذرائع اوگرا۔ فوٹو: فائل

اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنی شیل کو سانحہ احمد پورشرقیہ پر معاوضے کی ادائیگی کیلئے آج تک کی مہلت دے دی ہے۔

اوگرا نے تحقیقات کے بعد شیل کمپنی کوحادثے کا ذمے دار قرار دیا تھا اور کمپنی کو ہدایت کی تھی کہ وہ3 دن کے اندر ایک کرو ڑ جرمانہ اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس10 لاکھ اورزخمیوں کو فی کس5 لاکھ معاوضہ اداکرے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود کمپنی نے صرف ایک کروڑ جمع کرائے ہیں جبکہ متاثرین کو معاوضے کی مد میں جرمانے کی بقایا رقم ادانہیں کی گئی تاہم کمپنی نے لواحقین کو دی جانے والی رقم بھی اوگرا کو جمع کرانی ہے اوراوگرا یہ رقم پنجاب حکومت کو ادا کریگا اورصوبائی حکومت یہ رقم متاثرین کو اداکریگی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا کی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں شیل پاکستان کو 10 لاکھ یومیہ اضافی ادا کرنا پڑیں گے۔


شیل پاکستان نے کہاہے کہ کمپنی احمد پورشرقیہ کی ذمہ داری قبول نہیں کرتی لیکن یہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ایک سانحہ ہے جس نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر کمیونٹی کو بری طرح سے متاثر کیاہے ،ایک بیان میں شیل پاکستان نے کہاہے کہ اوگرا کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے عائدکردہ جرمانہ ادا کرے گا تاہم ایسا کرتے ہوئے کمپنی عائد کردہ جرمانہ پر اعتراض کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت یہ معاملہ زیر تفتیش ہے اور مزید معلومات اور تفتیش کے اختتام پر ہم مناسب لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ شیل متاثرہ خاندانوں کے لئے خوراک اور دیگرامدادی اشیا کی فراہمی کی غرض سے جاری کوششوں میں شیل پاکستان اوگرا کی جانب سے درخواست کردہ رقم کی ادائیگی کریگا جس کیلئے اوگرا کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ ایسے مناسب ذرائع کی نشاندہی کرکے ان کے ذریعے مالی اعانت زخمیوں اوران متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے جن کے پیارے اس سانحے میں جاںبحق ہو گئے ہیں۔

 
Load Next Story