الیکشن کمیشن نے بھرتیوں پر پابندی کے خلاف حکومتی درخواست مسترد کردی

سپریم کورٹ سمیت دیگر آئینی اداروں کو پابندی سےمبرا قراردیدیا گیا،کراچی میں نئی حلقہ بندیوں سےمتعلق فیصلہ نہیں کیا گیا


ویب ڈیسک February 06, 2013
اجلاس میں ٹیکس نادہندہ ارکان پارلیمنٹ،کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں پر پیشرفت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے سرکاری بھرتیوں پر پابندی کے خلاف حکومتی درخواست مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ سمیت دیگر آئینی اداروں کو پابندی سے مبرا قرار دے دیا جب کہ کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ اجلاس کے پہلے دن انتخابات کی تیاریوں، ارکان پارلیمنٹ کی اہلیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر عمل درآمد کو یقینی بنانے، ٹیکس نادہندہ ارکان پارلیمنٹ،کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندیوں پر پیشرفت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سندھ کے نمائندے کے علاوہ دیگر ارکان نے سرکاری بھرتیوں پر پابندی برقرار رکھنے کی حمایت کی جس کے بعد حکومتی درخواست مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ سمیت دیگر آئینی اداروں کو پابندی سے مبرا قرار دے دیا گیا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ سرکاری اداروں میں بھرتیوں کے حوالے سے وفاق اور پنجاب سمیت دیگر اداروں کی جانب سے 25 ریفرنس پیش کئے گئے جس کا جائزہ لیا جائے گا تاہم سپریم کورٹ سمیت تمام آئینی اداروں میں بھرتیوں پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس کی تحلیل کا مطالبہ درست نہیں۔

اشتیاق احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن گزشتہ انتخابات میں غلط حلف نامے جمع کرانے والے امیدواروں کو آئندہ الیکشن میں حصہ لینے سے روک دے گا۔ ارکان پارلیمنٹ کی جانچ پڑتال کے معاملے پر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر سے رابطہ کیا ہے،اس سلسلے میں تینوں اداروں کے نمائندوں کا اجلاس ہفتے ہوگا جس میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار میں ترمیم کی جائے گی۔ اس طرح امیدواروں کی جانچ پڑتال کا وقت 5 دن سے بڑھا کر 30 دن مختص کرنے کےلئے ترمیم ہوسکتی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہیں تاہم اس کے بارے میں حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |