وکلا برادری نے بھی نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا

وزیراعظم کا اب عہدے پر رہنے کاکوئی جواز نہیں، رشید رضوی، چوہدری ذوالفقار، عارف چوہدری

ملتان، سکھر کے وکلا بھی میدان میں آگئے، کراچی بار کونسل میں قرار داد جمع کرادی گئی فوٹو : آئی این پی

وکلا برادری نے بھی وزیراعظم نوازشریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی، لاہور ہائی کورٹ بار کے صدرچوہدری ذوالفقاراور اسلام آباد ہائی کورٹ کے صدر عارف چوہدری نے کہاہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف کا وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیںرہا۔ کراچی بار کونسل میں استعفے سے متعلق قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔


سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی، لاہور ہائیکورٹ کے بار کے صدر چوہدری ذوالفقار اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے صدر عارف چوہدری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف کا وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیںرہا، حکومت نے5 رکنی بینچ پر بھرپور اعتماد کیا تھا اب اس بینچ کی کارروائی کو چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا سے گفتگو میں وکلا رہنماؤں کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت کے وزرا اور مشیر جے آئی ٹی رپورٹ پر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ نے وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ پرالزامات کو ثابت کر دیا ہے، شریف فیملی کی وطن واپسی وکلا تحریک کی وجہ سے ہوئی اور وکلا میں پھوٹ ڈالنے والوں کو اب ناکامی ہو گی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ بہت مستند ہے اور اس رپورٹ نے بہت مشکل حالات میں سارا سچ اگل دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے بارکے صدر چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ تمام وکلا متفقہ طور پر ایک ایسی صورتحال پیدا کریں گے کہ تمام قوم خوش ہوجائے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بارکے صدر عارف چوہدری نے کہا کہ ن لیگی وزرا غلط زبان استعمال کررہے ہیں اور یہ کسی طورپر بھی قابل برداشت نہیں، سب کا احتساب ضروری ہے کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔کراچی کے وکلا نے بھی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے، استعفے سے متعلق قرار دار بارکونسل میں جمع کرادی گئی ہے۔
Load Next Story