پی ایس 114 ضمنی انتخاب سعید غنی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کا حکم

الیکشن کمیشن نے سعید غنی کو 17 جولائی کے لئے نوٹس جاری کردیا


ویب ڈیسک July 13, 2017
پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے سعید غنی کامیاب قرار پائے تھے۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کراچی سے پیپلزپارٹی کے سعید غنی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے وکیل ایس اقبال قادری نے موقف اختیار کیا کہ ایم کیو ایم نے بائیو میٹرک مشینوں اور فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا، پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں جعلی ووٹ بھگتائے گئے، پیپلز پارٹی اس حلقے میں ہمیشہ تیسرے چوتھے نمبر پر رہی ہے، آخری لمحے تک ایم کیو ایم کا امیدوار ضمنی الیکشن جیت رہا تھا، جاننا چاہتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوا یا نہیں۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ 100 بائیومیٹرک مشینیں خرید لی گئیں تھیں مگر ہمیں ڈیٹا ہی نہیں ملا اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اختیار الیکشن ٹریبونل کے پاس ہے۔

رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصرنے استفسار کیا کہ سمیرا ملک کیس میں ہائی کورٹ نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے نتائج مرتب کرنے کے بعد معاملہ الیکشن ٹریبونل میں جاسکتا ہے، ریٹرننگ افسر کی جانب سے نتائج مرتب کرنے کے بعد کیا ہم کچھ کرسکتے ہیں۔ جس پر ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس لامحدود اختیارات ہیں، اب تک الیکشن کمیشن نے امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن نے سعید غنی کو 17 جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ 27 پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالے گئے تھے انہیں تبدیل نہیں کیا گیا، ان 27 پولنگ اسٹیشنوں سے 1200 ووٹ نکلے۔ کچھ پولنگ اسٹیشنوں سے ایک منٹ میں اتنے ووٹ نکلنا ناممکن ہے، حلقے کے ایک ایک نجی اسکول سے بیلٹ باکس نکلا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے، اس لیے حلقے کے تمام ووٹوں کی بائیومیٹرک تصدیق کرائی جائے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے 2013 اور 2017 کے ضمنی انتخابات کےحقائق ہیں، امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔

واضح رہے کہ 9 جولائی کو کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے سعید غنی کامیاب قرار پائے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |