فلموںمیں نئے ڈھنگ سے پرفارم کرنے کی ٹھان لی راگنی نندوانی

چھوٹی اسکرین پر پرفارمنس سے شائقین کو گرویدہ بنایا،کام کی بنیاد پر ہی فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی، راگنی ننداوانی


Showbiz Desk February 06, 2013
بڑے فنکار ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور غلطیوں سے سیکھتے ہیں، راگنی ننداوانی۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ راگنی نندوانی نے کہا ہے کہ آنیوالی فلم میں اہم کردار ہوگا اور یہ فلم باکس آفس پر بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ قبل ازیں پہلی فلم میں اہم کردار نبھایا اس پر پرفارمنس کی حد تک اچھا رسپانس رہا تاہم فلم کی ناکامی کا افسوس بھی ہے لیکن اب اس شعبے میں اپنی دھاک بٹھانے کی تیاری کرلی ہے اور فلم میں اپنی پرفارمنس کو نئے ڈھنگ سے پیش کرنے کی ٹھان لی ہے ۔بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ وہ کمرشلز بھی کررہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ٹی وی سے فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا ہے اور اس ترقی پر بہت خوش ہوں ۔ٹی وی نے ہی مجھے شہرت بخشی اور اسی پہچان سے ہی نئی فلم میں کام دلوانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ پہلی فلم کے لیے آڈیشن دیکر اس بات کا کوئی حتمی یقین نہ تھا کہ اس میں یہی کردار ملے گا ۔انھوں نے کہا کہ فلموں کی کامیابی اور ناکامی کے حوالے سے بہت کچھ کہا جارہا ہے تاہم پہلی فلم بڑے بڑے سپر اسٹارز کی بھی ناکام رہی ہیں تو اس پر کسی نے دلبرداشتہ ہوکر فلم انڈسٹری کو خیر باد نہیں کہا ۔انھوں نے کہا کہ بڑے فنکار ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور غلطیوں سے سیکھتے ہیں اسی نظریے پر عمل کرتے ہوئے اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کو اب نہیں دہرائوں گی۔اپنے کام کو پرفیکٹ انداز میں کرنے کے لیے محنت کررہی ہوں۔اپنے کردار پر دھیان دینے کا عزم کررکھا ہے انھوں نے بتایا کہ میری یہ ازلی خواہش تھی کہ اداکاری کے شعبے میں کمال حاصل کروں اور اب مجھے مواقع میسر ہیں تو بھرپور انداز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار بھی کروں گی۔

انھوں نے بتایا کہ فلم میں اپنے کردار کو خوبی سے نبھانے کی کوشش کروں گی ۔فلم ''دہرہ دون ڈائری '' میں بھی کردار کو منفرد انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی تھی ۔مزید فلموں میں اپنے کام کو اچھوتے انداز میں اداکرنے کے لیے فلم کی منفرد کہانی کا بھی انتظار ہے۔ ایک اچھی منتخب فلم کرنا زیادہ بہتر سمجھتی ہوں جب کہ متعدد واجبی اور درمیانی فلموں کو چھوڑنا زیادہ مناسب ہو گا ۔ شروعات میں ہی انتخاب کی شرط کچھ عجیب ضرور ہے مگر اس کام میں بہتر امیج دینے کے لیے اب اس سے موثر ہتھیار کوئی نہیں ۔



اچھا کام کرنے کے لیے اچھا ماحول بھی درکار ہوتا ہے اور فلم کی پوری ٹیم کے کردار کو ملاکر ہی فلم کی کامیابی یا ناکامی کا نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ بھارتی ٹی وی کے ڈرامہ' کوشک کی پانچ بہوئیں'میں اپنے کردار کو بہتر انداز میں پیش کرنے پر میری پرفارمنس کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا ۔اس کھیل کے کردار بھی مقبول ہوئے اور اس کی کہانی اور مکالمے بھی پسند کیے جاتے رہے ہیں ۔اس کے بعد فلم میں جو کام کیا اس پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں ۔ اداکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے بھی رابطے میں رہتی ہوں ان کی رہنمائی میں آگے بڑھتی رہوں گی۔واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ راگنی نندوالی دہرہ دون کی رہنے والی ہیں ۔تعلیم مکمل کرکے دہلی آگئیں ۔یہاں جرنلزم کا کورس مکمل کرنے کے لیے داخلہ لیا ۔6ماہ تک کلاسیں پڑھنے کے بعد اداکارہ بننے کا شوق پیدا ہوا ۔

اس پر ڈیڑھ دوسال تک بھارتی ٹی وی کا شو کیا ۔اسی دوران راگنی کوفلم کی پیشکش ہوئی ۔اس فلم میں راگنی نے پریتی کا کردار نبھایا ہے ۔وہ ایک چھوٹے سے گائوں کی دوشیزہ ہیں۔ اس کا باپ ایم ایل اے ہے ۔بالی وڈ اداکارہ راگنی نندوانی کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ کے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں ۔اپنا الگ مقام بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور فلموں میں مقبول ہونے کے عزم سے آگے بڑھ رہی ہیں ۔

بالی وڈ نقادوں کا کہنا ہے کہ راگنی نندوانی کے مستقبل کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا ،چھوٹی اسکرین پر عمدہ کام کرنیوالی اداکارہ کو ابھی فلم کے میدان میں خود کو منوانے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑے گی۔اداکارہ نے بالی وڈ میں قدم رکھ دیا ہے نئی فلموں میں ان کے کرداروں کی اہمیت سے ہی ان کی کامیابی کی سمت متعین ہو سکے گی۔بالی وڈ حلقوں کے مطابق اگر اداکارہ ایک یا دو لگا تار ہٹ فلمیں دینے میں کامیاب ہو گئی تو یہ ان کے کیرئیر کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہوسکے گا ،جس کے باعث وہ بالی وڈ میں لمبی اننگ کھیلنے کے قابل ہو سکیں گی ۔اس حوالے سے اداکارہ راگنی نندوانی کافی پر عزم بھی دکھائی دے رہی ہیں اورمحنت بھی کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔