مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا نواز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان

لاکھوں حامیوں اور کروڑوں ووٹرز کے ہمراہ ہم نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہیں،پارلیمانی پارٹی کا عہد


ویب ڈیسک July 14, 2017
جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کاپلندہ اور تضادات کا مجموعہ ہے، پارلیمانی پارٹی کا متفقہ اعلان فوٹو: آن لائن

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا وزیراعظم پر مکمل اعتماد

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ نے اجلاس کو جے آئی ٹی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی اورسینیٹ نے وزیراعظم نواز شریف پربھرپوراعتماد کا اظہار کیا۔ عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ شہبازشریف کی رفتار اور آپ کے ویژن سے لوگ خائف ہیں، استعفیٰ مانگنے والے پہلے پاکستانی عوام سے مقابلہ کریں، عوام کے علاوہ آپ سے کوئی استعفا نہیں مانگ سکتا، نجف سیال نے کہا کہ شہبازشریف جادوئی لیڈر ہیں، عمران خان مولا جٹ کے نوری نتھ کا کردار ادا کر رہے ہیں، نوری نتھ کہتا تھا مولا میں تینوں مارنا اے، مولا نے کہا مولا نو ں مالا نہ مارے تے مولا نہیں مردا،ہم آپ کے ساتھ ہیں، اللہ آپ کو اپنی حفاظت میں رکھے۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے مسلمان ایٹمی ملک جمہوری طاقت بھی بن جائے، یہاں جو تالیاں بج رہی ہیں یہ پاکستان کےکروڑوں عوام کی تالیاں ہیں، ایک طرف وزیراعظم صاحب ہیں جو جمہوریت کیلیے قربانیاں دے رہےہیں۔ دوسری طرف وہ ہیں جو ڈی چوک میں جمہوریت کی قبریں کھود رہےتھے۔ یہ لوگ پھر استعفا مانگ رہےہیں ، وہ باز نہیں آئیں گے انہیں مقابلہ کرنا پڑے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ وہ قرآن پاک پر حلف اٹھاکر کہتے ہیں کہ نوازشریف نے سرکاری خزانے سے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی، سپریم کورٹ میں پوری قوت کے ساتھ اپنا مقدمہ پیش کریں گے، ہم نے چوروں کو اپنے اوپر الزام لگانے کیلئے چھوڑ دیا،لیکن اب قوم کو بتایا جائے ملک کا پیسہ کس نے اور کیسے لوٹا، ملک کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ‏نواز شریف ایٹمی پاکستان اور جدید پاکستان کے معمار ہیں،‏ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کرپشن کا لفظ ایک بار بھی استعمال نہیں ہوا، نواز شریف صادق اورامین ہیں، ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا اور سازشیں ناکام ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا کہ وزیراعظم سےکوئی استعفیٰ مانگ سکتا ہے اور نہ وہ خود دے سکتےہیں ، انہیں پاکستانی عوام نے مینڈیٹ دیاہے اور اب بھی یہ فیصلہ عوام کو ہی کرنا ہے، وہ میڈیا ٹرائل پر ان کے صبر کو داد دیتاہوں، ایسا کوئی نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ نوازشریف سے محبت کرتا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی دور میں کرپشن و خورد برد کا کوئی کیس ہے تو بتایا جائے موجودہ وقت سمیت ہر دور میں مجھ پر کبھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوسکا اور اب بھی جے آئی ٹی رپورٹ میں ایک بھی لفظ ایسا نہیں کہ میں کہا گیا ہو کہ نوازشریف کرپشن میں ملوث ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ملک کو روشن کرنے کی کوشش کی سزا دی جارہی ہے لیکن ہم آئین، آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں میں نے کسی خطرے کی فکر کے بغیر جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کی آزادی کی جنگ لڑی اور اس وقت وہ لوگ چھپ گئے تھے جو آج باتیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نا ہی کبھی عوام کے مینڈیٹ اور جمہوریت پرکوئی سمجھوتہ کیا۔

پارلیمانی پارٹی نے اپنے متفقہ اعلان میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کاپلندہ اور تضادات کا مجموعہ ہے، 2 ماہ میں نہیں بلکہ کافی عرصہ پہلے تیار کیا گیا،کرپٹ عماصر ترقی نہیں تباہی لاتے ہیں۔ نواز شریف ایٹمی پاکستان اورجدید پاکستان کے معمار ہیں ،وہ صادق اور امین ہیں، ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ اور سازشیں ناکام ہوں گی۔ اکثریت کے خلاف اقلیت کی سازش ناکام ہوگی، اقتدار کے بھُوکے نامراد ہوں گے، لاکھوں حامی اور کروڑوں ووٹرز کے ہمراہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہیں، ملکی ترقی کےدشمن متحرک ہیں،سازش میں بیرونی ہدایتکار اوراندرونی اداکار ملوث ہیں، وہ سازشوں کے سامنے ڈٹے رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |