میرا ضمیر صاف ہے آخری وقت تک مقابلہ کروں گا وزیراعظم

آپ کے مینڈیٹ پر وار ہورہا ہے جب کہ یہ تیسرے دھرنے کی تیاری ہے، وزیراعظم کا (ن)لیگ کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب

چارسال میں موٹروے، توانائی کے کھربوں روپے کے منصوبے لگائے، وزیراعظم فوٹو : آن لائن

KARACHI:
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ فوج کے ساتھ مل کر آپریشن کا فیصلہ کیا اوردہشت گردی کی کمر توڑ دی جب کہ ہمارے کسی دورمیں کرپشن سمیت خورد برد کا کوئی کیس ہے تو بتایا جائے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ایک لفظ ایسا نہیں کہ نوازشریف کسی کرپشن میں ملوث ہو، صرف حالیہ نہیں اپنے ہردورکی بات کرتا ہوں مجھ پرکبھی کرپشن کا الزام نہیں لگا، ہمارے کسی دورمیں کرپشن سمیت خورد برد کا کوئی کیس ہے تو بتایا جائے جب کہ کوئی ای او بی آئی، نندی پور، رینٹل پاور، نیشنل انشورنس کا کیس ہے توسامنے لائیں۔



نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں حکومتیں ہمیشہ کرپشن اورسکیورٹی رسک پرنکالی گئیں، پاکستان 70 سال سے جس طرح چل رہا ہے یہ واقعہ اس کا نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ مل کرآپریشن کا فیصلہ کیا اوردہشت گردی کی کمرتوڑ دی جب کہ ملک کو روشن کرنے کی کوشش کی سزا دی جا رہی ہے، چارسال میں موٹروے، توانائی کے کھربوں روپے کے منصوبے لگائے، پاکستان میں کسی سیاستدان نے اپنے آپ کو اس طرح احتساب کیلئے پیش نہیں کیا۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، کوئی این آراوسائن نہیں کیا، مجھے کہا گیا اس کاغذ پر دستخط کردو، میں نے کبھی عوام کے مینڈیٹ اورجمہوریت پرکمپرومائز نہیں کیا، بے نظیرکے ساتھ میثاق جمہوریت پردستخط کر کے بہت اچھا لگا جب بہت دکھ ہوا جب چند ہفتے بعد بے نظیرنے این آراو سائن کردیا، میری پرویز مشرف سے ملاقات کے لئے بہت کوششیں کی گئیں لیکن میں نے کہا اب اس نصب العین سے نہیں ہٹ سکتا۔



وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں نے عدلیہ بحالی کی جنگ لڑی تو آج باتیں کرنے والے چھپ گئے تھے، کسی خطرے کی فکر کئے بغیر جان ہتھیلی پررکھ کرعدلیہ کی آزادی کی جنگ لڑی اورآئین، آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، ہمارے آتے ہی مہم شروع کر دی گئی، دھرنے کا کوئی جوازنہ تھا، آپ کے مینڈیٹ پر وار ہورہا ہے جب کہ یہ تیسرے دھرنے کی تیاری ہے، بڑے واقعات ہوئے جو میں مجمع میں نہیں بتا سکتا، بعض اوقات دل کرتا ہے سب کچھ بتا دوں پرایسا وقت ضرورآئے گا۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

نوازشریف نے کہا کہ شرح نمو5.4 فیصد ہوگئی، اگلے سال کا ہدف 6 فیصد ہے، ترقی کے اسی راستے پر چلتے رہے تو بڑے ممالک سے آگے نکل جائیں گے، ڈکٹیٹر کے دورمیں پاکستان ڈیفالٹ کرنے لگا تھا، ملک ناکام ریاست سمجھا جارہا تھا، آج پاکستان کو دوبارہ سے پیچھے کی جانب دھکیلا جارہا ہے لیکن میں انشاء اللہ ملک کو پیچھے نہیں جانے دوں گا اور پاکستان کے عوام کی خاطر آخری دم تک لڑوں گا۔



وزیراعظم نے کہا کہ استعفیٰ وہ لوگ مانگ رہے ہیں جب کے سارے ووٹ اکٹھے کرکے بھی مسلم لیگ(ن) کے ووٹ زیادہ ہیں، منفی پراپیگنڈے کے باوجود آپ کو کھڑے رہنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اتحاد ہی ہمارا اثاثہ اور سب سے بڑی فتح ہے اور آخری وقت تک مقابلہ کریں گے جب کہ یقین ہے سپریم کورٹ ہماری بات سنے گی، میراضمیر صاف ہے، استعفا دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔


نوازشریف نے مزید کہا کہ متنازعہ جے آئی ٹی کی متنازعہ رپورٹ ہمارے مخالفین کے بے بنیاد الزاما ت کا مجموعہ ہے، رپورٹ میں ہمارے موقف اور ثبوتوں کو جھٹلانے کے لیے کوئی ٹھوس دستاویز پیش نہیں کی گئی، خاندان کے 62 سالہ کاروباری معاملات کو مفروضوں ، سورس رپورٹوں ، بہتانوں اور الزام تراشیوں کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا، رپورٹ کے 4 ہزار صفحات میں کرپشن ، بدعنوانی کا کوئی الزام تک نہیں لگایا جاسکا۔

وزیراعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ سیکڑوں ترقیاتی منصوبوں میں لاوٴ کوئی ایک پیسے کی کک بیکس ، کمیشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ، کچھ تو بتاوٴ تو کہ کسی کنٹریکٹ، کسی ٹھیکے یا کسی منصوبے میں نواز شریف نے رتی بھر بھی بدعنوانی کی ہو۔

اس سے قبل اسلام آباد میں وزیر اعظم نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے بھی خصوصی شرکت کی۔



پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ نے اجلاس کو جے آئی ٹی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے دوران اراکین قومی اسمبلی اورسینیٹ نے وزیراعظم نواز شریف پربھرپوراعتماد کا اظہار کیا۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے مسلمان ایٹمی ملک جمہوری طاقت بھی بن جائے، یہاں جو تالیاں بج رہی ہیں یہ پاکستان کےکروڑوں عوام کی تالیاں ہیں، ایک طرف وزیراعظم صاحب ہیں جو جمہوریت کیلیے قربانیاں دے رہےہیں۔ دوسری طرف وہ ہیں جو ڈی چوک میں جمہوریت کی قبریں کھود رہےتھے۔ یہ لوگ پھر استعفا مانگ رہےہیں ، وہ باز نہیں آئیں گے انہیں مقابلہ کرنا پڑے گا۔



وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ وہ قرآن پاک پر حلف اٹھاکر کہتے ہیں کہ نوازشریف نے سرکاری خزانے سے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی، سپریم کورٹ میں پوری قوت کے ساتھ اپنا مقدمہ پیش کریں گے، ہم نے چوروں کو اپنے اوپر الزام لگانے کیلئے چھوڑ دیا،لیکن اب قوم کو بتایا جائے ملک کا پیسہ کس نے اور کیسے لوٹا، ملک کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ‏نواز شریف ایٹمی پاکستان اور جدید پاکستان کے معمار ہیں،‏ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کرپشن کا لفظ ایک بار بھی استعمال نہیں ہوا، نواز شریف صادق اورامین ہیں، ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا اور سازشیں ناکام ہوں گی۔


وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا کہ وزیراعظم سےکوئی استعفیٰ مانگ سکتا ہے اور نہ وہ خود دے سکتےہیں ، انہیں پاکستانی عوام نے مینڈیٹ دیاہے اور اب بھی یہ فیصلہ عوام کو ہی کرنا ہے، وہ میڈیا ٹرائل پر ان کے صبر کو داد دیتاہوں، ایسا کوئی نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ نوازشریف سے محبت کرتا ہے۔


پارلیمانی پارٹی نے اپنے متفقہ اعلان میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ کاپلندہ اور تضادات کا مجموعہ ہے، 2 ماہ میں نہیں بلکہ کافی عرصہ پہلے تیار کیا گیا،کرپٹ عماصر ترقی نہیں تباہی لاتے ہیں۔ نواز شریف ایٹمی پاکستان اورجدید پاکستان کے معمار ہیں ،وہ صادق اور امین ہیں، ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ اور سازشیں ناکام ہوں گی۔ اکثریت کے خلاف اقلیت کی سازش ناکام ہوگی، اقتدار کے بھُوکے نامراد ہوں گے، لاکھوں حامی اور کروڑوں ووٹرز کے ہمراہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہیں، ملکی ترقی کےدشمن متحرک ہیں،سازش میں بیرونی ہدایتکار اوراندرونی اداکار ملوث ہیں، وہ سازشوں کے سامنے ڈٹے رہیں۔


Load Next Story