کراچی میں بوگس ووٹر لسٹوں کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا

الیکشن کمیشن سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ چاہتے ہیں، لئیق احمد، شیخ شوکت و دیگر


Numainda Express February 07, 2013
بوگس ووٹر لسٹوں کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے سے شیخ شوکت علی خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں بوگس ووٹر لسٹوں اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق فوج سے نہ کرائے جانے کے خلاف جماعت اسلامی نے حیدرآباد میں دھرنا دیا۔

پریس کلب کے سامنے دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی لئیق احمد خان، عبدالوحید قریشی، ضلعی امیر شیخ شوکت علی و دیگر نے کی۔ دھرنے میں مقامی رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے کراچی میں فوج کے ذریعے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کرانے کا مطالبہ کرتے رہے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لئیق احمد خان نے کہا کہ بوگس ووٹر لسٹیں شفاف انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، چیف الیکشن کمشنر قابل احترام، مگر سیاسی مداخلت ناقابل قبول ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ اگر کراچی میں ووٹر لسٹوں کی فوج کے ذریعے تصدیق کرائی جائے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرائی جائیں تو آئندہ الیکشن میں صرف کراچی ہی نہیں ملک بھی دہشت گردوں سے آزاد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو متنازع بنانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔



سپریم کورٹ واضح فیصلہ دے چکی ہے اس لیے جماعت اسلامی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے الیکشن سے پہلے ووٹر لسٹوں کو شفاف بنانے کا مطالبہ کر رہی ہے، ووٹرز لسٹوں کی تصدیق فوج کی نگرانی میںکرائی جائے۔ عبدالوحید قریشی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنا الیکشن کمیشن سے سیاسی مداخلت کے خاتمے کیلیے ہے۔

الیکشن کمیشن نے تصدیقی عمل کے لیے درست طریقہ اختیار نہیں کیا۔ تصدیقی عمل ہی مشکوک ہوجائے تو انتخابات کا نتیجہ بھی مشکوک ہوگا۔ رانا محمود علی خان، شیخ شوکت علی، طاہر مجید راجپوت، رضوان احمدگدی، مشتاق احمد خان ایڈووکیٹ، عثمان کینیڈی، محمد ابراہیم شیخ، عوامی تحریک کے رہنماوں اور دیگر پارٹیوں نے دھرنے میں شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں